انتخابی مہم کے دوران عوام کیساتھ کئے گئے وعدے پورے کئے جائینگے، حکومت میرپور کے مسائل کے حل کیلئے چودھری محمد اشرف کیساتھ ہے، چودھری عبدالمجید

پیر 30 مارچ 2015 17:32

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرو صدرپاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے میرپورکا ضمنی انتخاب صاف اور شفاف کرانے پر چیف سیکرٹری، آئی جی ، کمشنرمیرپورڈویژن اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور ضمنی انتخابات میں عوام کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اہلیان میرپورکا انتخاب میں دلچسپی لے کر اظہاررائے پرشکریہ اداکیاہے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ میرپورکے مسائل کے حل کے لیے حکومت پیپلزپارٹی کے امیدواراسمبلی چوہدری محمداشرف کے ساتھ ہے وہ آئندہ ہفتے گھرگھرجاکر اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کا شکریہ بھی اداکریں گے۔ وہ نانگی ہاؤس میں چوہدری اشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے جے یوآئی کے دستبردارہونے والے امیدوار عبدالخالق جذبی نے بھی خطاب کیا۔ پریس کانفرنس کے موقع پر جاوید اقبال مرزا، ساجد پہلوان، ممتاز خاکسار، فرید انور، چوہدری قاسم مجید، خلیل یوسف، مشیر اطلاعات مرتضیٰ درانی ، چوہدری جہانزیب، سابق کونسلر سردارمحمدشفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں بطورپارٹی صدرمیں نے اور چوہدری محمداشرف نے لوگوں سے رابطے کئے جنھوں نے انتہائی مثبت رسپانس دیا۔

میں اپنی تمام ماؤں، بہنوں ، بیٹوں، بیٹیوں ، بزرگوں ، نوجوانوں کا شکریہ اداکرتاہوں جنھوں نے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار پر اعتماد کااظہارکیا۔ انھوں نے کہاکہ صاف اور شفاف انتخاب کے انعقاد پر چیف سیکرٹری ، آئی جی ، کمشنرمیرپورڈویژن سمیت پوری انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔ پولنگ کے دن امن وامان کی صورتحال اطمینان بخش رہی۔ اگرچہ بیک اپ فورس کے طورپررینجرز بھی موجود رہی جس کی خدمات سے انتظامیہ نے ضرورت کے مطابق استفادہ کیا۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ اس انتخاب کے بعد اہلیان میرپور کی میرے کندھوں پرمزید ذمہ داری آگئی ہے ۔ میری کسی کے ساتھ کوئی خلش نہیں ۔ الیکشن میں عوام نے اپنی مرضی کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ چوہدری محمداشرف ٹیم کپتان ہیں آئندہ بھی وہی کپتان ہونگے۔ حلقہ کے مسائل کے حل میں ان کی پوری مدد کی جائے گی۔ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔

سوئی گیس کی فراہمی، ذیلی کنبہ جات، قبرستان کے لیے اراضی، بے گھرافراد کے لیے اراضی سمیت تمام مسائل حل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے آزادخطہ کی تعمیروترقی اور عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھناہے اور یہ سفرآزادکشمیرسے سیاسی گند صاف ہونے تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان پیپلزپارٹی ضلع میرپوراور اس کی تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران ، کارکنوں، تاجرتنظیموں، میڈیا، ن لیگ کے کارکنوں اور عہدیداروں کا شکریہ اداکیا۔

انھوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے جوبھی فیصلہ کیا اس کو قبول کرتے ہیں جن دوستوں نے پارٹی میں نہ ہوتے ہوئے بھی سپورٹ کیاان کا بھی شکریہ اداکرتے ہیں۔ وزیراعظم نے سہیل شجاع مجاہد، چوہدری جاوید اقبال، ممتاز خاکسار، چوہدری جہانزیب، ڈاکٹرنسرین سمیت تمام پارٹی کارکنوں کا شکریہ اداکیا۔ انھوں نے کہاکہ میڈیا نے بہت اچھاکرداراداکیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے نامزد ا میدوارچوہدری محمداشرف نے کہاکہ انتخابات میں ہارجیت ہوتی رہتی ہے۔

بہت اچھاالیکشن ہوامیں تمام پولنگ اسٹیشنوں پرگیا۔ بیرسٹرسلطان کو الیکشن جیتنے پرمبارکباد دیتاہوں لیکن اس سے کہتاہوں کہ بھڑکیں مارنے کی بجائے میرپورکے عوام کے مسائل حل کرنے پر بھی توجہ دے۔ کل رات الیکشن نتائج کے بعد بہت سے علاقوں میں جاکر اس کے حواریوں نے گھروں پرفائرنگ کی۔ انتظامیہ اس کا نوٹس لے اور کارروائی کرے۔ چوہدری محمداشرف نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، سیاسی امورکی انچارج محترمہ فریال تالپورکابھی شکریہ اداکیاجنھوں نے ان کی مکمل سپورٹ کی۔

چوہدری محمداشرف نے کہاکہ میں اہلیان میرپورکا بہت شکرگزارہوں جنھوں نے مجھے بہت محبت اور پیاردیا۔ میں ہارنے کے باوجود ان کی خدمت جاری رکھوں گا۔ اہلیان میرپورکے لیے نانگی ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔ اہلیان میرپورکے ساتھ کیے گئے وعدوں پرقائم ہوں۔ وعدے پورے کرنے کی بھرپورکوشش کروں گااور عوام کا گھرگھرجاکرشکریہ بھی اداکروں گا۔ انھوں نے کہاکہ میرے حق میں جوامیدوار دستبردار ہوئے ان کا بھی شکریہ اداکرتاہوں۔

مسلم لیگ ن کے دوستوں کا بھی سپورٹ کرنے پر شکریہ اداکرتاہوں۔ اس موقع پر جے یوآئی کے دستبردارہونے والے امیدوارعبدالخالق جذبی نے کہاکہ چوہدری اشرف ہارکربھی جیت گئے ہیں اور بیرسٹرسلطان جیت کربھی ہارگیا کیونکہ ایک مغربی کلچر روکناچاہتاہے اور دوسرامغربی کلچرپھیلاناچاہتاہے۔