میرپور کے ضمنی انتخاب میں بیرسٹر سلطان محمود کی فتح مفاہمتی اور مفاداتی سیاست کی شکست ہے ‘ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید بے پناہ سرکاری وسائل کے استعمال کے باوجود بری اور عبرتناک شکست سے دوچار ہوئے

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما خواجہ عاطف بشیر کا ریلی سے خطاب

پیر 30 مارچ 2015 14:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے میڈیا ایڈوائزر خواجہ عاطف بشیر نے کہا ہے کہ میرپور کے ضمنی انتخاب میں بیرسٹر سلطان محمود کی فتح مفاہمتی اور مفاداتی سیاست کی شکست ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید بے پناہ سرکاری وسائل کے استعمال کے باوجود بری اور عبرتناک شکست سے دوچار ہوئے ۔

میرپور کے ضمنی الیکشن میں ناکامی کے بعد وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو اخلاقی اور سیاسی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی توڑ دینی چاہیے ۔ چوہدری عبدالمجید کے پاس اب اقتدار میں رہنے کا کوئی سیاسی اور اخلاقی جواز نہیں ہے ۔ میرپور کے ضمنی الیکشن میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مقابلہ وفاقی حکومت اور آزاد حکومت سے تھا ۔

(جاری ہے)

لیکن میرپور کے باشعور ، غیرت مند اور باجرات عوام نے ہر قسم کی لالچ ، دھونس دھاندلی کو جوتی کی نوک پر رکھ پر بین الاقوامی لیڈر کو کامیاب بنایا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور کے ضمن الیکشن میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تاریخ ساز کامیابی کے بعد دارلحکومت مظفرآباد میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کے دوران کیا ۔ ریلی میں دارلحکومت کے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو واضح برتری ملتے ہی پی ٹی آئی کے کارکنان اور عہدیداران کی بڑی تعداد سبطین منزل پر جمع ہونا شروع ہوگئی اور سبطین منزل سے دربار سہیلی سرکار تک زبردست اظہار تشکر ریلی نکالی گئی اور دربار سہیلی سرکار پر چادر چڑھائی گئی ۔

پی ٹی آئی کے کارکنان نے ڈھولک کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی ۔ ریلی سے تحریک انصاف کے رہنماؤں یاسر مغل ، بلال احمد ، محسن خواجہ ، فیصل میر ، خالد احمد ، اشفاق پیرزادہ ، امتیاز شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ ریلی سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ میرپور کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیکر آزاد کشمیر میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے اور آئندہ کے سیاسی نقشے کا تعین کردیا ہے ۔

حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کی شکست پی ٹی آئی کی بڑی فتح ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے عوام کو مایوس نہیں کرے گی ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میرپور ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد چوہدری عبدالمجید کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا اور عبرتناک شکست کا اعتراف کرتے ہوئے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرنا چاہیے تھا ۔ لیکن شاید ان کا ضمیر مردہ ہوچکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :