سیاست کا مقصد عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنا ہے،امجدعلی خان،

جھوٹے وعدوں اور منفی پروپیگنڈوں کا دور گزر چکا ہے اور اب عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کون سا لیڈر ان کی بہتر خدمت کر سکتا ہے

اتوار 29 مارچ 2015 23:01

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کا مقصد عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنا ہے اور اس سلسلے میں وہ کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔اپنے حلقہ نیابت پی کے ۔82کے عوامی نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدوں اور منفی پروپیگنڈوں کا دور گزر چکا ہے اور اب عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کون سا لیڈر ان کی بہتر خدمت کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ کبھی اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کے حلقہ نیابت میں اس وقت کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور اتنے کام پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے طویل عرصے میں شروع نہیں ہوئے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر واضح اکثریت سے جیتے گی اور ایسے نام نہاد سیاست دانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا جو ماضی میں اقرباء پروری اور بد عنوانی کرنے کیلئے عوام کو سبز باغ دکھلانے کی سیاست کا سہارا لیتے رہے۔