یمن کے حوالے سے خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان مثبت کردار ادا کرے گا ‘رانا مشہو د احمد خان،

حکومت پاکستان میں جنگ زدہ یمن میں موجودہ پاکستانی شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہر صورت میں یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانی بھائیوں کے بحفاظت انخلاء کا عمل مکمل کرے گی‘میڈیا سے گفتگو

اتوار 29 مارچ 2015 23:01

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہاہے کہ حکومت پاکستان میں جنگ زدہ یمن میں موجودہ پاکستانی شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا ، پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک ماہ پہلے یمن کے حالات خراب ہونے پر اپنے شہریوں کو ٹریول ایڈوائزری اور ریڈ الرٹ جاری کردیاتھا اور آج بھی پاکستانی سفارتکار صنعا میں اپنی جانو ں پر کھیل کر اپنے ہم وطنوں کی جانیں محفوظ کرنے کا کام کررہے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہر صورت میں یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانی بھائیوں کے بحفاظت انخلاء کا عمل مکمل کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے یہ بات یونیک سکول سسٹم کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہی - وزیرتعلیم نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور مرکزی رہنما ڈاکٹر عارف علوی کی متنازعہ ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ یہ مکافات عمل ہے جس سے عمران خان کو گذرنا ہوگا - انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے جس جماعت نے جو کردار ادا کیاہے ، وہ عوام پر پوری طرح عیاں ہوچکا ہے - عمران خان کا ایجنڈا صرف اقتدار ہے جس کے لیے انہیں جمہوریت ، آئین اور قانون کی رتی برابر پرواہ نہیں ہے - عمران خان نے جس طرح نئے پاکستان کے نام پر قوم کو گمراہ کیا اور سرمایہ کاری کا راستہ روک کر جس طرح پاکستان کی ترقی کا راستہ کھوٹا کرنے کی کوشش کی ہے ، اس پر عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے -تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ ہماری نئی نسل اس قدر باصلاحیت ہے کہ اگر ہمارے بچے تعلیم کو اپنا مشن بناکر آگے بڑھیں تو پاکستان کو کبھی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکے گی -انہو ں نے اپنے بچوں کے سنہری مستقبل کے لئے اپنے آج کی قربانی دینے والے والدین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا - تقریب سے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے بھی خطاب کیا اور نمایاں رہنے والے طلباء و طالبات کو انعامات دیئے -انہو ں نے اپنے خطاب میں کہاکہ جو ماں باپ اپنی اولاد کو اچھی تعلیم و تربیت سے آراستہ کررہے ہیں وہ نبی کریم ﷺ کے حکم کی پیروی کررہے ہیں -دریں اثناء وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے ہوٹل پرل کانٹی نینٹل لاہور میں سرگودھا کی سماجی تنظیم ”تاھنگ وسیب آرگنائزیشن “ کے زیر اہتمام پادری سہیل پیٹرک سہیلہ کے تخلیق کردہ امن اور ر واداری کے نغمات پر مبنی خصوصی البم کی تقریب رونمائی میں شرکت کی - صوبائی وزیربہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز ، سابق رکن پنجاب اسمبلی آمنہ الفت ، معروف کلاسیکل گلوکار استاد حسین بخش گلو ، گلوکارہ شنبم مجید اور معروف شاعر نذیر قیصر کے علاوہ یوگا سپیشلسٹ محترمہ عمیرہ خرم نے خصوصی طو رپر شرکت کی - سماجی تنظیم ”تاھنگ وسیب آرگنائزیشن “کی جنرل سیکرٹری محترمہ روبینہ فیروز بھٹی نے اس موقع پر بتایا کہ خواتین کے حقوق کے لئے پنجاب کے چھ اضلاع میں سکل ڈویلپمنٹ سنٹرز چلانے والی ان کی تنظیم خواتین کی سائیکوکونسلنگ میں بھی بہت متحرک کردار ادا کررہی ہے - پادری سہیل پیٹرک سہیلہ آسٹریا کی پیس یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اور پاکستان میں انتہاپسندی و فرقہ بندی سے بچتے ہوئے امن اور صلع کے ساتھ تمام پاکستانی شہریوں کو نفرت سے پاک ماحول فراہم کرنا ان کا مشن ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے - وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے بعد ازاں جی سی یونیورسٹی کے سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب تقسیم انعامات میں بھی شرکت کی - اس موقع پر اولڈ راوین کرنل (ر) اکرام اللہ خان کی قیادت میں رسہ کشی کی ٹیم کا رانا مشہود احمد خاں کی قیادت میں جی سی یونیورسٹی کے اساتذہ کی ٹیم کے ساتھ مقابلہ ہوا - یاد رہے کہ کرنل (ر) اکرام اللہ خان آج اپنی عمرعزیز کے 75 سال پورے ہونے پر پلاٹینم جوبلی سالگرہ منا رہے ہیں - جی سی یونیورسٹی کے اساتذہ نے بحیثیت سینئر موسٹ راوین، ان کے اعزاز میں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی -جی سی یونیورسٹی کے طلباء محسن نوید اور طارق سہیل کو اس موقع پر یکساں پوائنٹ حاصل کرنے کی بناء پر مشترکہ طور پر سال کے بہترین اتھلیٹ قرار دیاگیا۔

متعلقہ عنوان :