سول سوسائٹی کی جانب سے اتوار کو کراچی پریس کلب اور کلفٹن تین تلوار پر یمن کی صورت حال پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے

اتوار 29 مارچ 2015 22:50

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) سول سوسائٹی کی جانب سے اتوار کو کراچی پریس کلب اور کلفٹن تین تلوار پر یمن کی صورت حال پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کلفٹن تین تلوار پر احتجاجی مظاہرے کی قیادت سید اویس حسنین باقری اور پریس کلب پر مظاہرے کی قیادت خالد راؤ نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر یمن کے معاملے پر حکومت پاکستان کو غیر جانبدارانہ پالیسی اختیار کرنے کے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے ان رہنماؤں نے کہا کہ یمن کی صورت حال پر وزیراعظم قوم کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کریں اور اس جنگ میں پاکستان کی فوج کو سعودی عرب نہ بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی جنگوں میں حصہ لینے کا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔ اگر حکومت نے کسی بھی پالیسی میں جلد بازی کا مظاہرہ کیا تو مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر جانبدارانہ پالیسی اختیار کرنے کے لئے عوامی رائے طلب کرے۔

متعلقہ عنوان :