ہمارے دور میں گوادر میں زمینوں کی کوئی الاٹمنٹ نہیں ہوئی ہے ، شیخ جعفر خان مندوخیل

اتوار 29 مارچ 2015 22:39

کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صو بائی وزیر ریونیو ایکسائز اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں گوادر میں بھی زمینوں کی کوئی الاٹمنٹ نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی صوبے میں کہیں اور الاٹمنٹ ہوئی ہے ہم نے اپنے دور میں غلط اور جعلی طریقے سے زمینوں کی کی گئی الاٹمنٹ کینسل کروائے ہیں اور آئندہ بھی جعلی طریقے سے کسی کو بھی اجازت نہیں ہوگی کہ وہ الاٹمنٹ کریں ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مقامی اخبارات میں چھپنے والی بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی جانب سے گوادر کی زمینوں کے حوالے سے شائع شدہ خبر کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہی ‘انہوں نے کہاکہ ہم سردار اختر جان مینگل کا عزت و احترام کرتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ سردار صاحب کو اگر گوادریا کہیں اور پر سرکاری زمینوں کی غلط اور جعلی طریقے سے الاٹمنٹ کے بارے میں کوئی علم ہے تو برائے کرم وہ ان معلومات کو ہمارے ساتھ شےئر کریں ہم سردار صاحب کے تجاویز کا خیر مقدم کرینگے ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم بھرپور طریقے سے اس جعل سازی کیخلاف کارروائی کرینگے اور الاٹمنٹ کو کینسل کراوئینگے جعفرمندوخیل نے کہاکہ ہم نے پسنی میں گورنمنٹ کی ایک لاکھ ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کروائی جو جعلی اور غلط طریقے سے کی گئی تھی اور جہاں بھی ہمیں ایسے الاٹمنٹ کا پتہ چلتا ہے کہ ہم فوری کارروائی کرتے ہوئے اس الاٹمنٹ کو منسوخ کرواتے ہیں البتہ گوادر میں ایک ارب بارہ کروڑ روپے کی زمین جو غلط اور جعلی طور پر الاٹ کی گئی تھی وہ بھی کینسل کروائی تھی جعفرمندوخیل نے کہا کہ گوادر میں ایکسپورٹ پروسسنگ زون کیلئے ڈپٹی کمشنر وکلیکٹر نے گوادر میں زمین کی جونرخ مقرر کی تھی اس پر ہم نے باقاعدہ ایک کمیٹی ڈائریکٹر لینڈ ڈپیارٹمنٹ کی قیادت میں بنائی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس کو انتہائی شفاف طریقے سے تقسیم کریگی اور اس طرح12ارب روپے کی جو رشوت کی رقم تھی وہ ختم ہوجائیگی اور یہ رقم زمینوں کے حقیقی مالکان کو ملے گی اور غلط جیبوں میں نہیں جائیگی ہم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے پر کام شروع کریں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ حقداروں کو ان کا حق ملے ۔