مہاجر دلبرداشتہ ہونے کے بجائے سازشوں کا مقابلہ کریں،ڈاکٹر سلیم حیدر،

اب وقت آگیا ہے مہاجر قوم پرست قیادت کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں ، چیئرمین ایم آئی ٹی

اتوار 29 مارچ 2015 22:38

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) مہاجر اتحا دتحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر حالات سے دلبرداشتہ ہونے کے بجائے مہاجروں کیخلاف کی جانے والی سازشوں کیلئے کمر بستہ ہوجائیں۔ آج چند لوگوں کی سزا پوری قوم کو دی جارہی ہے۔ مہاجر نہ پہلے کبھی دہشت گرد تھے اور نہ اب دہشت گرد ہیں ۔ انہیں دہشت گردی کی طرف جن لوگوں نے دھکیلا ہے ان کیخلاف بھرپور کارروائی کی جانی چاہئے۔

ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے مہاجر قوم پرست قیادت کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں اور اپنی اس درست سمت کا تعین کرتے ہوئے مہاجر منزل اور مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 30سالوں میں مہاجروں نے جس قدر قربانیاں دی ہیں اس کے باوجود آج بھی وہ خالی ہاتھ اور خالی ذہن ہیں۔

(جاری ہے)

شخصیت پرستی کی سیاست نے مہاجروں کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ۔

مہاجر نوجوان جذباتیت کا شکار ہوکر سوچنے کے بجائے مہاجر قومیت اور مہاجر قوت کو تقویت دینے کیلئے کمر بستہ ہوجائیں کیونکہ آج جس قدر مہاجروں کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی۔ تمام تر ووٹ اور ہمدردیاں حاصل کرنے کے باوجود آج مہاجر کو پاکستان کی سیاست میں تنہا کردیاگیا ہے۔ کوئی ایک جماعت اور ایک قومیت بھی ایسی نہیں جو مہاجروں کی اس حالت زار کو اس کی آواز میں آواز ملاکر کھڑی ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر دانشوروں ، ادیبوں ، وکلاء، ڈاکٹرز، تاجر ، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہاجروں کو کھلے ذہن اور خوف سے باہر نکل کر یہ سوچنا ہوگا کہ اب مہاجر قومیت کی بقاء اور مہاجروں کی ترقی کیلئے حکمت عملی اختیار کی جائے۔