یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی بروقت واپسی کے اقدامات لائق تحسین ہیں،شمشادخان غوری،

حکومت اور فوج کے ساتھ میڈیا بھی مبارکباد کی مستحق ہے ،قومی فریضہ سمجھ کر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی

اتوار 29 مارچ 2015 22:20

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے حکومت کے بروقت اقدامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا محسوس ہوا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی لاوارث نہیں ہیں ،حکومت اور پاک فوج سے ساتھ میڈیا بھی تحسین کا مستحق ہے کہ جس نے کسی نے تنازعہ میں الجھے بغیر قومی فریضہ سمجھ کر رپورٹنگ کی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔

عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں شمشاد خان غوری نے کہا کہ کویت عراق جنگ اور لیبیا میں خانہ جنگی کے دوران وہاں مقیم پاکستانیوں کو جن مصائب کا سامنا کرنا پڑا اسے مدنظر رکھتے ہوئے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے شدید خدشات پیدا ہوگئے تھے کیونکہ ماضی کی حکومتوں اور سفارتی عملے کی کوششیں کبھی مثالی نہیں رہی تھیں لیکن آج بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی سراٹھا کر کہہ سکتے ہیں کہ ان کی پکار پر لبیک کہنے والا بھی کوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک اسوقت جس نفسا نفسی کا شکار ہے ان حالات میں عوام کے تحفظ کے لئے حکومت اور پاک فوج کے اقدامات کو سراہنا چاہئے۔شمشاد خان غوری نے کہا کہ خلیج کی صورتحال پاکستانی عوام کیلئے انتہائی تکلیف کا باعث بن رہی ہے،پاکستانی حکومت اور عسکری اداروں کو جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کیلئے سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنا چاہئے،پاکستان اسلامی دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے جس سے فائدہ اٹھانا اور خلیج تنازعہ میں فریق بننے کی بجائے ثالث کا کردار ادا کرنا دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :