موجودہ نظام نے 18کروڑ انسانوں کو معاشی غلام بنا رکھا ہے،نجات کا واحد راستہ انقلاب ہے، مقررین ،

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب ، 23 مسلم و غیر مسلم جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ، تقریب سے ڈاکٹر حسن محی الدین ،بیگم عابدہ حسین ،خرم نواز گنڈا پور،ڈاکٹر عابد عزیز،امجد شاہ و دیگر کا خطاب

اتوار 29 مارچ 2015 20:02

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام شادیوں کی 11ویں سالانہ اجتماعی تقریب میں مسلم و غیر مسلم 23 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ۔ تقریب کے مہمانان خصوصی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ،سنیئر سیاستدان بیگم عابدہ حسین ،مرکزی سیکرٹری جنرل PATخرم نواز گنڈا پور،پیر مہرہ شریف شہزادہ ہمایوں پیر زادہ نے دلہوں اور دلہنوں کو خصوصی تحائف دئیے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم عابدہ حسین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور تحریک منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کو سہارا دینا اور انکے دکھ سکھ کا ساتھی بننا سب سے بڑی انسانی خدمت اور عبادت ہے ،انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال 5بچیوں کی شادی کے اخراجات ادا کریں گی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مساوات محمدی کو نافذ کرنے کا ایجنڈا رکھتے ہیں ۔

18کروڑ انسانوں کو موجودہ نظام نے معاشی اعتبار سے غلام بنا دیا ہے ۔پہلے ایک آقا ہوتا تھا جس کی غلامی سے نجات کیلئے پیسے درکار ہوتے تھے مگر موجودہ نظام کے تحت ہر شخص غلام ہے اور اس غلامی سے نجات کا واحد راستہ انقلاب ہے ،ایسے منصف معاشرے کا قیام چاہتے ہیں جس میں کسی کو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا ظلم کرنے کی ہمت نہ ہو سکے ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا سیاسی فلسفہ صرف ایک جملے میں اس طرح سے بیان کیا جا سکتا ہے کہ جو حقوق اور انصاف اور سہولتیں صاحب حیثیت طبقات کو میسر ہیں وہی سہولتیں غریب خاندانوں کو بغیر مانگے دستیاب ہوں ۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے وسیع سبزہ زار میں منعقدہوئی ۔ پر وقار تقریب میں سیاسی،سماجی،دانشور شخصیات کے علاوہ شو بز کی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ہر دلہن کوڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان اور جیولری سیٹ کا تحفہ دیا گیا جبکہ ہر دولہا کو ایک گھڑی اور حق مہر کیلئے 5000/-روپے کا تحفہ دیا گیا ۔تقریب کے منتظم اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے سالانہ کاکردگی کی رپورٹ پیش کی اور فلاحی منصوبوں کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ کی سربراہی میں علمائے کرام نے ہر جوڑے کا نکاح علیحدہ علیحدہ پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑوں کی شادی کی رسومات پاسٹر شاہد گل نے ادا کیں۔آنے والی ہر بارات کا استقبال پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین نے کیا۔1500سے زائد مہمانوں کی تواضع پر تکلف کھانے سے کی گئی ۔تقریب سے صاحبزادہ فیض الرحمان درانی،سیکرٹری جنرل PAT خرم نواز گنڈا پور،شیخ زاہد فیاض،سید امجد علی شاہ،ڈاکٹر عابد عزیز،شبنم ناگی ایڈووکیٹ،آمنہ بخاری،راضیہ نوید،جواد حامد اور پاسٹر شاہد گل و دیگرنے خطاب کیا ۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے تمام دلہوں اور دلہنوں کو رشتہ ازواج میں منسلک ہونے پر مبارکباد دی اور انکے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تمام منتظمین کو اعلیٰ انتظامات پر مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری عوامی تحریک ،تحریک منہاج القرآن اور تمام کارکنان دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمیشہ مصروف کار رہیں گے ۔

تحریک منہاج القرآن ہالینڈ کے صدر ڈاکٹر عابد عزیز نے کہا کہ اس خوشیوں بھری تقریب میں آ کر ہر سال ڈاکٹر طاہر القادری کی انسانیت کیلئے عملی کاوش کو دیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔میں واپس ہالینڈ حقیقی خوشی لے کر لوٹوں گا ۔انہوں نے کہا کہ تقریب دیکھ کر بے ساختہ دعا نکلتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر طاہر القادری کو لمبی عمر اور صحت عطا فرمائے ۔تقریب کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے دعائے خیر کرائی اور جہیزدلہنوں کے سر پرستوں کے حوالے کیا گیا

متعلقہ عنوان :