حرمین شریفین کا تحفظ ہمارا دینی،مذہبی فریضہ ہے ، کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دینگے،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،

سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ،مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر کتاب وسنت پر متفق ہوجا جائیں،حافظ آباد میں پریس کانفرنس

اتوار 29 مارچ 2015 19:28

حافظ آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ ،معروف مذہبی سکالر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارا دینی،مذہبی فریضہ ہے ہم ان پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دینگے اور ضرورت پڑنے پر انکی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور اس میں بسنے والے18کروڑ عوام کی سب سے پہلے حمایت اور مدد کی ،آج اگر سعودی عرب کی سالمیت کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان کا بچہ بچہ اسکی حفاظت کے لئے تیار ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پبلک ہال حافظ آباد میں پانچویں سالانہ سیر ت امام الانبیاﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ سید ضیا ء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ دنیائے اسلام کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز اور مقدم ہیں ان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انکی زبان میں ہی جواب دیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کے مسلمان ان مقدس مقامات کی حفاظت کرنا اپنا فرض اولین سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین اور بہادر فوج ہے اور پاکستان کی ایٹمی ٹیکنالوجی بھی دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی ہے ۔

پاکستان کی فوج کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے اور فوج پر تنقید کرنے والے ملک وقوم کے غدار ہیں ۔نبی آخر الزمانﷺ کے فرمان کے مطابق فوج کا سربراہ پوری قوم کے لئے قابل احترام ہے اور فوج کے سپہ سالار کی پیروی،نبی کریم ﷺ کے احکامات کی پیروی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ریاستی،ملکی،علاقائی،صوبائی،سیاسی،سماجی،دینی،مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر کتاب وسنت پر متفق ہوجا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ دین اسلام اور حضور نبی کریمﷺ کی سنت بھی آج ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ تمام کلمہ گو آپس میں بھائی چارہ،پیار محبت،اتفاق و اتحاد اور باہمی رواداری کا عملی ثبوت دیتے ہوئے دشمنان اسلام کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں تاکہ کوئی بھی دشمن اللہ کے دین کو نیچا دیکھانے کی ناکام کوشش نہ کر سکے ۔ کانفرنس کی صدارت بزرگ عالم دین مولانا نصر اللہ خان بھٹی نے کی جبکہ متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رابطہ سیکرٹری عامر وسیم سندھو،مولانا عطاء اللہ محمدی،مولانا محمد زبیر قاسمی،عبدالحمید رحمانی ،میاں محمد ایوب،مولانا قاری عرفان الحق صابراور قاری احمد حسن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :