ملک بھر میں اسلامی انقلاب کا سورج دیر کے پہاڑوں سے طلوع ہوگا،عنایت اللہ،

ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کی جیت یقینی ہے ۔جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہے،سینئروزیربلدیات عنایت اللہ خان

اتوار 29 مارچ 2015 19:27

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا اسلامی انقلابی منشور ملک کی تقدیر سنوار دے گا ۔ ہم ملک سے جہالت ، غربت کا خاتمہ اور ہر طبقہ فکر کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ملک اس وقت شدید بحرانوں کی زد میں ہے۔دہشت گردی،لوڈشیڈنگ،مہنگائی اوربے روزگاری پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت18کروڑ عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مٹھی بھر اشرافیہ ملک کے سیاہ وسفید کامالک بنا بیٹھا ہے۔ دیر پائیں کے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کی جیت یقینی ہے ۔دیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ میڈیکل کالج اور انجینئرنگ یونیورسٹی سمیت میگاپراجیکٹس پر کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

وہ دیرپائیں کے یونین کونسل مسکینی ، یونین کونسل معیاراور یونین کونسل صدبر کلے میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔

جلسوں سے امیر جماعت اسلامی ضلع دیر پائیں و امیدوار پی کے 95 اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا۔ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی عنایت اللہ خان نے کہاکہ انتخابات میں عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو بتدریج پورا کر رہے ہیں اور دیر کی تعمیر و ترقی کے لیے کئی میگا پراجیکٹس شروع کرلیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے کوشاں ہے اور جمہوری اور آئینی طریقے سے رائے عامہ کو ہموار کرکے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ضلع دیر کے لیے دس سالہ ملٹی سیکٹورل پراجیکٹ کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے جس پر اربوں روپے خرچ ہوں گے۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے طرز پر دیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی قایم کریں گے جس کے نتیجے میں ضلع دیر میں بھی ترقی کی نئی راہیں کھلے گی۔دیر کی سیاحتی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دیر میں ٹاؤن شپ قائم کریں گے۔سیاحت،جنگلات اور زراعت کو ترقی دے کر دیر کی پسماندگی کو دور کریں گے۔ نوجوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :