حکومت جہیزکی لعنت ختم کرنے کیلئے قانون سازی کرے ،انعم سعید

اتوار 29 مارچ 2015 18:50

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) خدمت خلق کے مشن پر گامزن فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کی اسسٹنٹ وائس چےئر مین انعم سعید نے جہیز کو معاشرے کا ناسور قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جہیزکی لعنت ختم کرنے کیلئے فوری طورپرقانون سازی کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں منعقدہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کاسب سے زیادہ استحصال جہیزکی رسم کے نام پرکیا جارہا ہے ،جہیزکی لعنت کی وجہ سے لاکھوں لڑکیاں گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہورہی ہیں ان کی شادیاں محض اس لیے نہیں ہورہی ہیں کہ ان کے والدین یا بھائی شادی کیلئے جہیزاکٹھا نہیں کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد تشدد کے چالیس فیصد سے زائد واقعات کی بنیادی وجہ بھی جہیز ہی ہوتی ہے ، جہیز کے کینسر نے ہزاروں معصوم لڑکیوں کی زندگی چھین کر کئی خاندان تباہ کر دئیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جہیز سمیت دیگر فضول رسومات کی حوصلہ شکنی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کیونکہ ان فضول رسومات کی وجہ سے غریب اور سفید پوش لوگ محرومیوں کا شکار ہو رہے ہیں لہذا ملک بھرکے منتخب عوامی نمائندے خواتین کواستحصال سے بچانے کیلئے جہیزپرپابندی کا بل پاس کروائیں ۔