توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ،چیئرمین ایس بی آئی ڈاکٹر آصف اے بروہی

اتوار 29 مارچ 2015 18:43

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) قونصل جنرل سوئٹزلینڈ ایمل ویسے نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کا تجارتی وفد مقامی صنعت کاروں سے ملنے پاکستان اور خاص طور پر سندھ آئے گا۔یہ بات انہوں نے سندھ سرمایہ کاری بورڈکے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ،جس کی قیادت چیئرمین ڈاکٹر آصف اے بروہی کر رہے تھے۔ قونصل جنرل نے پاکستانی مارکیٹ میں دلچسپی رکھنے والی سوئس کمپنیوں اور اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز کے بارے میں روشنی ڈالی ۔

اس ورکنگ سیشن کا مقصد سندھ میں موجود بین الاقوامی سرمایہ کاری کے مواقوں کو مزید اجاگر کرنا تھا ۔تاکہ باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے باہمی تجارت کے حجم کو مزید بہتر بنایا جاسکے ۔چیئرمین ایس بی آئی ڈاکٹر آصف اے بروہی نے کہا کہ حکومت سندھ سوئس اور مقامی سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت سندھ سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ،تھر کول میں سرمایہ کاری کے علاوہ سندھ میں موجود ونڈکو ریڈور اور شمسی توانائی سے بجلی حاصل کرنے کے لیے بھی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کراچی ایجوکیشن سٹی کے بارے میں بتاتے ہوئے سوئس یونیورسٹیز کو اس پروجیکٹ میں مدعو کیا ۔ناہید میمن وائس چیئر پرسن ایس بی آئی نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین مراعات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ایس بی آئی محمد ریاض الدین نے شرکاء کو سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے جاری پروجیکٹز کے بارے میں بتایا ۔ اس موقع پر محبوب الحق سی ای او سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ ز،ابرار شیخ ڈائریکٹر ایس بی آئی اور فیصل فاروقی ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :