یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو جلد سے جلدباحفاظت واپس لانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، غنویٰ بھٹو

اتوار 29 مارچ 2015 18:26

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو جلد سے جلدباحفاظت واپس لانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ․ سترکلفٹن سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں محترمہ غنویٰ بھٹو نے حکومت وقت کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکمرانوں نے اگر 15ارب ڈالرحکومت پاکستان کو فوجی ٹروپس بھیجنے کی مد میں دیئے ہیں تو انہیں فی الفور یہ رقم واپس کرنی چاہئے کیونکہ پاکستان کی فوج کرائے کے گوریلے نہیں کہ وہ ہر جگہ پیسوں کیلئے لڑتے رہیں یہ تو imperialحکمرانوں کا مشغلہ ہے جیسے ماضی میں ہندوستان نے افغان وار اور چین کی کشیدگی کے دوران اپنے فوجی جوان بھیجے تھے ․محترمہ غنویٰ بھٹو نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے وقت سے ہمارا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ دو برادر مسلم ممالک کے باہمی تنازعہ میں کسی ایک کی مدد کیلئے اپنی فوجیں بھیجی جائیں اور قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے بھی اپنی زندگی میں تمام مسلم ممالک کے تنازعات ختم کرانے کیلئے سفارتی تعلقات کے ذریعے اپنابھرپور کردار ادا کیا اور مسلم امہ کو متحدرکھنے کیلئے دن رات کام کیا نہ صرف یہ بلکہ انہوں نے امریکا ۔

(جاری ہے)

چین دوستی سمیت کئی بین الاقوامی تنازعات میں اہم کرداربھی ادا کیا اس لئے اس وقت کی مشرق وسطیٰ کی صورتحال کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ اپنی غیر جانبداری بر قرار رکھتے ہوئے مذکورہ کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے کردار ادا کرے ․ محترمہ غنویٰ بھٹو نے اپنے بیان کے آخر میں عرب لیگ اور او․ آئی ․ سی کے کردار پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان اداروں کی از سر نو تشکیل کی ضرورت پربھی زور دیاہے۔

متعلقہ عنوان :