مجرمان منتقلی، وزارت خارجہ نے بنکاک میں سفارتی عملے کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں

ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ انکوائری افسر مقرر

اتوار 29 مارچ 2015 15:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء )مجرمان منتقلی، وزارت خارجہ نے بنکاک میں سفارتی عملے کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ،مذکورہ اسکینڈل میں ویزہ قونصلر سمیت دیگر افسران ملوث ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ انکوائری افسر مقررکردئیے گئے۔آن لائن کو ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق تھائی لینڈ سے 8سزایافتہ مجرموں کی پاکستان منتقلی سکینڈل میں قواعد و ضوابط کی خلاف وزری کرنے پر وفاقی وزارتِ داخلہ کے خط پر وزارتِ خارجہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، سفارتی ذرائع کے مطابق بینکاک کے پاکستانی سفارت خانے میں تعینات ویزہ قونصلر اور دیگر افسران مذکورہ اسکینڈل میں ملوث پائے گئے ہیں جس کے خلاف ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ ایڈمن کی سربراہی میں انکوائری شروع کر دی گئی ہے ، ذرائع نے مذید بتایا کہ مذکورہ افسران کو بہت جلد ان کے عہدوں سے تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

خلاف ورزی میں ملوث پاکستانی سفارت خانے کے ویزہ قونصلر کے بارے میں یہ معلوم ہوا ہے کہ اُن کا تعلق فارن سروس سے نہیں ہے اور وہ گزشتہ چار سال سے تھائی لینڈ میں سفارتی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔جبکہ مذکورہ عہدے پر تعیناتی کے لئے وزارتِ خارجہ کی جانب سے باقاعدہ امتحان پاس کرنا پڑتا ہے۔ آن لائن ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بنکاک میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کئی بار پاکستانی سفارت خانے کی کرپشن کے متعلق پاکستانی وزارتِ خارجہ کو بذریعہ خطوط آگاہ بھی کر چکی ہے مگر اب تک کرپٹ مافیا کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔جبکہ مذکورہ اسکینڈ ل میں تھائی لینڈ کی حکومت نے بھی پاکستانی وزارتِ خارجہ سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔مذید انکشافات کی توقع ہے ۔