وزارت ہاؤسنگ کا سی ڈی اے کو جی الیون تھری میں 96فلیٹس کی حوالگی کیلئے 14کروڑ روپے کی ادائیگی کا حتمی نوٹس

سی ڈی اے ادائیگی میں کامیاب نہ ہوا تو 96فلیٹس نیلامی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو پیش کر دیں گے ،وزارت ہاؤسنگ

اتوار 29 مارچ 2015 15:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) وزارت ہاؤسنگ نے سی ڈی اے کو جی الیون تھری میں 96فلیٹس کی حوالگی کیلئے 14کروڑ روپے کی ادائیگی کا حتمی نوٹس جاری کر دیا، بصورت دیگر سی ڈی اے ملازمین کے فلیٹس نیلام کرنے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت ہاؤسنگ نے سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے جی الیون تھری میں مختلف کیٹیگریز کے 1189فلیٹس تعمیر کئے جن میں سے 96فلیٹس سی ڈی اے کی درخواست پر سی ڈی اے ملازمین کیلئے مختص کئے گئے، ان فلیٹوں کی تعمیر گزشتہ دو سالوں سے مکمل ہے اور یہ رہائش کیلئے تیار ہیں تاہم وزارت کی جانب سے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود سی ڈی اے حکام ان فلیٹس کا چارج سنبھالنے کیلئے ان کی تعمیر پر اٹھنے والے اخراجات میں اپنا حصہ ادا کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت کی ایک دستاویز کے مطابق سی ڈی اے نے وزارت ہاؤسنگ کو اس مد میں کل 225ملین روپے ادا کرنا تھے جن میں سے صرف 82ملین روپے ادا کئے گئے جس کی وجہ سے یہ فلیٹس سی ڈی اے کے حوالے نہیں کئے گئے، سی ڈی اے کی جانب سے ان فلیٹس کا چارج نہ سنبھالنے کی وجہ سے ان کی دیکھ بھال کے اخراجات فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو برداشت کرنے پڑ رہے ہیں، اب وزارت ہاؤسنگ نے سی ڈی اے کو ان فلیٹوں کی ملکیت سنبھالنے کیلئے بقیہ رقم ادا کرنے کا حتمی نوٹس دے دیا ہے اور ساتھ ہی یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر سی ڈی اے جلد ادائیگی اور ملکیت سنبھالنے میں کامیاب نہ ہوئے تو وزارت یہ 96فلیٹس نیلامی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو پیش کر دے گا۔

متعلقہ عنوان :