نادرا لانڈھی کورنگی دفاتر پر ایجنٹ مافیا کا راج،جماعت اسلامی کا سخت احتجاج،

غریب عوام کیلئے شناختی کارڈ کا حصول انتہائی مشکل بنادیا گیا ہے، محمد ابراہیم انصاری

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی لانڈھی غربی زون کے صدر محمد ابراہیم انصاری نے نادرا لانڈھی اور کورنگی آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کے قبضے اور نئی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے عوام کو ہونے والی پریشانیوں اور مشکلات پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کورنگی نمبر 4 اور لانڈھی بابر مارکیٹ دفاتر پر ایجنٹ مافیا کا قبضہ ہے۔

ایجنٹ مافیا ایک ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کے ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ایجنٹ مافیا اور نادرا آفس کے عملے کی ملی بھگت سے قومی شناختی کارڈ کا حصول غریب عوام کیلئے انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نادرا آفس میں ایجنٹ مافیا کے قبضے ختم کیے جائیں اور عوام کو شناختی کارڈ کا حصول آسان بنایا جائے۔

لوگ فجر کی نماز کے بعد سے ہی لائنوں میں کھڑے ہوجاتے ہیں لیکن جب اُن باری آتی ہے تو اُن پر بے جا اعتراضات لگاکر مجبوراً ایجنٹ مافیا کی بھینٹ چڑھادیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی نادرا آفس لانڈھی اور کورنگی دفاتر میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور عوام کو ہونے والی پریشانیوں کے خلاف سخت احتجاج کرے گی اور جلد احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔