یمن میں بغاوت کھڑی کرنا سعودی عرب کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی خوفناک سازش ہے‘ حافظ محمد سعید،

سب مسلم ملکوں کو متحد ہو کر دشمنان اسلام کی سازشوں کا توڑ کرنا چاہیے،او آئی سی کا اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے، حرمین الشریفین کے تحفظ کے مسئلہ پر ہمیں ہر قسم کے ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے ‘ امیر جماعة الدعوة پاکستان

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ یمن میں بغاوت کھڑی کرنا سعودی عرب کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی خوفناک سازش ہے، سب مسلم ملکوں کو متحد ہو کر دشمنان اسلام کی سازشوں کا توڑ کرنا چاہیے اور او آئی سی کا اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے،یہ مسئلہ سیاسی یا علاقائی نہیں بلکہ ہمارے ایمان اور عقیدے کا مسئلہ ہے، حرمین الشریفین کے تحفظ کے مسئلہ پر ہمیں ہر قسم کے ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ یمن میں بغاوت صرف وہاں کا علاقائی مسئلہ نہیں ہے۔ اگر خطہ کی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ بات صاف طور پر واضح ہے کہ وہاں طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت بغاوت کھڑی کی گئی اور باغیوں کا قبضہ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ سعودی عرب کا مسئلہ عام ملکوں جیسا نہیں ہے۔ وہاں بیت اللہ اور مسجد نبوی ﷺ ہونے کی وجہ سے یہ سب مسلمانوں کا روحانی مرکز ہے اس لئے سعودی عرب کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی سازشوں کا ناکام بنانابہت ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے سب ملکوں کو اپنے علاقائی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پر جب کبھی بھی کوئی مشکل وقت آیا ہے سعودی عرب ہمیشہ ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا ہے۔ اس وقت جب وہ مشکل سے دوچار ہے توپاکستانی حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ تمام مسلم ممالک کا اتحاد بنا کربرادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑاہواور ان کی ہر ممکن مددوحمایت کی جائے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ سرزمین حرمین الشریفین کے خلاف سازشیں مسلمانوں کے دل پر ہاتھ ڈالنے والی بات ہے۔

ہم سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔سعودی عرب کے حوالہ سے مخالفانہ بیان بازی کرنے والوں کواس مسئلہ کی حساسیت کو سمجھنا چاہئے ۔ صر ف ذاتی مفادات اور اندرونی جھگڑوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اختلافات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر حرمین کے دفاع کے لئے آواز بلند کریں۔

جماعة الدعوة تحفظ حرمین الشریفین کے لئے پاکستان بھر میں رائے عامہ ہموار کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ بظاہر سعودی عرب کے حق میں بیانات دے رہا ہے مگر یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یمن میں باغیوں کو اسلحہ و امداد امریکہ اوریہودیوں کی طرف سے دی جارہی ہے۔آجکل جنگوں کا انداز بدل چکا ہے۔ صلیبی و یہودی مسلم ملکوں میں پراکسی وار لڑ رہے ہیں۔

مسلم ملکوں میں افراتفری و انتشار پیدا اور بغاوت کی تحریکیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ اس وقت یمن اس کی زندہ مثال ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ ہم اس وقت تک صحیح مسلمان نہیں ہو سکتے جب تک حرمین الشریفین ہمیں اپنی جان و مال سے زیادہ عزیز نہ ہو۔میدانوں میں مار کھانے کے بعد جس طرح پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کو پروان چڑھایا گیا اسی طرح سعودی عرب بھی اللہ کے دشمنوں کو بہت کھٹکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے قوم کی امنگوں کے مطابق سعودی عرب کی حمایت کا جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کی بھرپور انداز میں تائید کرتے ہیں۔