ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کی ون فائیو ریسکیو سروس چودہ گھنٹے سے زائد معطل رہی

ہفتہ 28 مارچ 2015 18:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) پاکستان کے تیسرے بڑے شہر اور پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کی ون فائیو ریسکیو سروس چودہ گھنٹے سے زائد معطل رہی۔ آن لائن کے مطابق اس دوران شہر بھر میں ڈکیتی راہزنی اور دیگر سنگین وارداتوں کی اطلاع شہری ریسکیو کو نہ دے سکے۔ جب بھی شہری مطلوبہ ون فائیو نمبر پر فون کرتے تھے تو آگے سے آپ کا مطلوبہ نمبر مصروف ہے کا جواب ملتا تھا۔

(جاری ہے)

آن لائن کے مطابق ایک سال قبل سابق سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدر اشرف نے حکومت کے بھاری فنڈز سے شہریوں کو سہولت اور بروقت پولیس کارروائی کے سلسلے میں جدید ترین ریسکیو سروس کیلئے مشین نصب کی تھی جس میں دس سے لے کر بارہ آپریٹر چوبیس گھنٹے موجود رہتے تھے مگر گزشتہ چند ماہ سے ریسکیو ون فائیو کی سروس کی مشینری خراب ہونا شروع ہوگئی جس پر کسی نے توجہ نہ دی جبکہ ایکسچینج میں آپریٹروں کی تعداد بارہ سے کم ہوکر چار رہ گئی ہے گزشتہ رات ایک بجے اچانک لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ایکسچینج کا بیک اپ سسٹم فیل ہوگیا جس کی وجہ سے ہزاروں کالیں جو ضلع بھر سے پولیس کو ہنگامی طور پر وارداتوں کی اطلاع اور دیگر جرائم کے بارے میں موصول ہوتی تھیں وہ موصول نہ ہوسکیں اور کسی بھی واردات میں پولیس موقع پر پہنچنے سے قاصر رہی اس صورتحال کے پیش نظر اب ہنگامی طور پر چودہ گھنٹے کے بعد سروس کو عارضی بنیادوں پر بحال کیا گیا ہے اگر پولیس اعلیٰ حکام نے اس پر توجہ نہ دی تو نہ صرف بھاری رقم ڈوب جائے گی بلکہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی وارداتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پولیس بروقت کارروائی کرنے سے بھی قاصر رہے گی۔

متعلقہ عنوان :