دھرنوں کے باعث ترقی کے سفر میں رکاوٹ آئی تاہم نئے جذبے سے آگے بڑھ رہے ہیں‘شہبازشریف،

اوورسیزپاکستانیز کا معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ہے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان معاشی طو رپر مضبوط ملک بنے گا، وزیراعلیٰ سے (ن) لیگ مشرق وسطی کے وفد کی ملاقات، اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام پر شہبازشریف کو خراج تحسین ، (ن) لیگ کی قیادت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیتی ہے، کمیشن قائم کر کے دیرینہ مطالبہ پورا کیا ‘ نورالحسن تنویر

ہفتہ 28 مارچ 2015 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ(ن) مشرق وسطی کے صدر چودھری نورالحسن تنویر کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب کے قیام پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔

سمندر پار بسنے والے ہم وطن پاکستان کے عظیم سفیر ہیں۔اوورسیزپاکستانیز کا قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن نے کام شروع کر دیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن مکمل طو رپر آزاد اور خودمختار ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ضلع میں کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیاں ملک میں تجارتی ،صنعتی او رسماجی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ دھرنوں کے باعث ترقی کے سفر میں رکاوٹ آئی تاہم نئے جذبے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز او رترقی وخوشحالی کی منزل کے حصول کے لئے دن رات ایک کر رکھاہے ۔ انشاء اللہ ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی اور ملک مسائل کی دلدل سے ضرور نکلے گا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) مشرق وسطیٰ کے صدر چودھری نورالحسن تنویر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیشن قائم کر کے ہمار ا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیاہے ۔ چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ وفد کے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان اور وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب کو جس طرح ترقی دے رہے ہیں، انشاء اللہ وہ دن آئے گا جب ہم بیرون ملک سے اپنا کاروبار سمیٹ کر پاکستان آئیں گے اور یہاں سرمایہ کاری کریں گے۔

وفد میں افتخار بٹ ، احسان الحق باجوہ، آزاد علی تبسم ، چودھری ایم شفیع ، شہزاد ڈوگر، طارق زعیم، راشد رفیق بٹ، یونس پراچہ اور خواجہ عبدالوحید شامل تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خالد شاہین بٹ،کمشنر افضال بھٹی اور ڈی جی اوورسیز پاکستانیز کمیشن خواجہ داؤد بھی اس موقع پر موجود تھے۔