ڈبلیو ٹی او نے پاکستانی تجارتی پالیسی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا

جمعہ 27 مارچ 2015 14:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) عالمی تجارتی تنظیم ڈبلیو ٹی اونے پاکستان کی تجارتی پالیسی کے بارے میں تیار کردہ رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈبلیو ٹی او کے اجلاس میں پاکستان کی تجارتی پالیسی کا جائزہ لینے کے حوالے سے پہلا سیشن مکمل ہو چکا ہے، جس میں پاکستانی تجارتی پالیسی کے بارے میں ڈبلیو ٹی او ممبر ممالک کے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی منظوری سے سیکریٹری کامرس شہزاد ارباب کی سربراہی میں اعلی سطح کا وفد ڈبلیو ٹی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے، وفد میں وزارت تجارت کے جوائنٹ سیکریٹری ڈبلیو ٹی او میاں اسد حئی الدین کے علاوہ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے نمائندے شامل ہیں۔ وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ ڈبلیو ٹی او ہر 4 سال بعد پاکستان کی تجارتی پالیسی کا جائزہ لیتی ہے اور اس کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے رپورٹ تیار کر کے ڈبلیو ٹی او بھجوائی جا چکی ہے جبکہ دوسری رپورٹ ڈبلیو ٹی او نے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر تیار کی ہے جس میں پاکستان کی تجارتی پالیسی کا جائزہ لیا گیا ہے اور جنیوا میں جاری ڈبلیو ٹی او کے اجلاس میں ان دونوں رپورٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔