کراچی :شاہ لطیف میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ، دو اہلکار شہید ، 15 زخمی

جمعہ 27 مارچ 2015 10:50

کراچی :شاہ لطیف میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ، دو اہلکار شہید ، 15 ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ2015ء) کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ، 11 پولیس اہلکار سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ، دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب بم ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا ۔ شہر قائد میں شاہ لطیف تھانے کے علاقے میں مرغی خانے پل کے نزدیک ایس ایس یو بس کے قریب دھماکا ہوا جس میں گیارہ پولیس اہلکار سمیت تیرہ افراد زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق بس میں ایس ایس یو کے اہلکار ڈیوٹی پر بلاول ہائوس جا رہے تھے کہ پل کے نیچے کھڑی ایک موٹر سائیکل میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں بس میں سوار پولیس اہلکار اور وہاں سے گزرنے والے رکشے میں سوار افراد زخمی ہوگئے ۔ جناح ہسپتال کے شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ہسپتال میں دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے کسی شخص کی لاش نہیں لائی گئی ۔

(جاری ہے)

11 زخمی لائے گئے جن میں عمید علی ، سلیم ، اسماعیل ، صغیر احمد ، عطااللہ ، آصف علی ، صابر علی ، سائیں بخش ، علی نہال ، طیب اور آصف شامل ہیں ۔ دو پولیس اہلکاروں عامر محبوب اور الطاف کو نجی ہسپتال لے جایا گیا ۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس اور رینجرز کی نفری پہنچ گئی ۔

بم ڈسپوزل سکواڈ طلب کر لیا گیا ۔ شواہد جمع کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا ۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا نمبر ڈی ایس سی421991 اور چیسیز نمبر ڈی ایس سی 22724573ہے ۔ اس کے ذریعے موٹر سائیکل کے مالک کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ دوسری مرتبہ پولیس کی رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر سے جانیوالی پولیس بس کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اس سے پہلے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سکول کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس میں متعدد پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔