لاہورہائی کورٹ نے 10لاکھ روپے سر کی قیمت والے مجرم سمیت 8دہشت گردوں کی انسداد دہشتگردی سے ملنے والی سزاؤں کیخلاف اپیلیں خارج کر دیں

جمعرات 26 مارچ 2015 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء)لاہورہائیکورٹ نے 10لاکھ روپے سر کی قیمت والے مجرم سمیت 8دہشت گردوں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ملنے والی قید کی سزائیں برقرار رکھیں۔اپیل کنندہ سفیر احمد عرف عظیم کی گرفتاری سے قبل اس کے سر پر10لاکھ روپے کاانعام مقرر تھا، سفیر احمد عرف عظیم، غلام قادر، یاسر اور مفتی صغیر احمد کے خلاف تھانہ لاری اڈا لاہورمیں مقدمہ درج ہوا تھاجس میں ان پر دہشت گردی کے مختلف حملوں میں ملوث پانے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ان سے10بوری دھماکہ خیز مواد 100پریشر ککر بم اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر دھماکہ خیزمواد بھی برآمد کیا تھا۔بعدازاں ان کی نشاندہی پر مزید چار افراد محمد صدیق ، عبیداللہ ،سید محمدمسعود اور عبدالمعید کو گرفتار کیا گیا تھا جن کے خلاف تھانہ ہنجر وال لاہورمیں مقدمہ درج تھا۔ان میں سے سفیر احمد عرف عظیم، غلام قادر، یاسر اور مفتی صغیر احمد دہشت گردوں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 14,14سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی تھیں جبکہ محمد صدیق ، عبیداللہ ،سید محمدمسعود اور عبدالمعید کو 10،10سال قید با مشقت کی سزاء سنائی گئی تھی جس کے خلاف مجرموں نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں جو مسترد کر دی گئیں۔