آئی سی سی کی جانب سے فیلڈنگ قوانین میں تبدیلی کیے جانے کا امکان-

جمعرات 26 مارچ 2015 21:57

آئی سی سی کی جانب سے فیلڈنگ قوانین میں تبدیلی کیے جانے کا امکان-

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) ‬‎ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری ورلڈکپ کےدوران باوَلرز کی جانب سے زیادہ متاثر کن کارگردگی سامنے نہ آنے کے باعث آئی سی سی کی جانب سے فیلڈنگ قوانین میں تبدیلی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ چھوٹی باوئنڈریز، فیلڈ کی پابندیاں اور بلے کا سائز بڑھ جانے کے باعث باوَلرز کے لیے بے حد مشکلات پیدا ہوگئی ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ورلڈکپ میں اب تک 450 سے زائد چھکے اور 2 ہزار سے زائد چوکے لگ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ 10 ورلڈکپ مقابلوں میں ایک بھی ڈبل سینچری نہ بن پائی تھی اور 400 سے زائد رنز صرف ایک بار بن پائے تھے تاہم اس ورلڈکپ میں اب تک 2 ڈبل سینچریاں بن چکی ہیں اورتین بار 400 سے زائد رنز کا ہدف عبور ہوچکا ہے۔ اس تمام صورتحال کے پیش نظر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے کہا ہے کہ باؤلرز کو میچ میں زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے قوانین میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ آخری دس اوورز میں دائرے سے باہر کھلاڑیوں کی تعداد بڑھا کر پانچ کی جا سکتی ہے کیونکہ انہی اوورز میں بلے باز تیزی سے رنز کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ موجودہ قوانین کے تحت آخری دس اوورز میں ٹیمیں زیادہ سے زیادہ صرف چار فیلڈرز دائرے سے باہر رکھ سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :