توہین رسالت قانون پر سیاست انتہائی افسوسناک ہے، اس قانون کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ،مدارس اور مساجد قیامت کی صبح تک قائم رہیں گے،پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین طاہر اشرفی کی قومی مصالحتی کونسل کے رہنماؤں سے گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2015 21:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ توہین ناموس رسالت قانون پر سیاست انتہائی افسوسناک ہے،توہین ناموس رسالت قانون کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔مدارس اور مساجد قیامت کی صبح تک قائم رہیں گے۔ وہ جمعرات کو قومی مصالحتی کونسل کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

اس موقع پرمولانا ڈاکٹر احمد علی سراج، مولانا زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،مولانا طارق محمود مدنی،مولانا محمد امجد،مولانا شبیر احمد عثمانی، حاجی طیب شاد قادری ، مولانا عبد الحمید صابری ،مولانا عمار بلوچ،مولانا محمد احمد ندیم ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ناموس رسالت کے قانون کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے پاکستان میں موجود تمام مکاتب فکر توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کیخلاف ہیں۔

(جاری ہے)

توہین ناموس رسالت کے قانون کے غلط استعمال کو روکنا تمام مکاتب فکر اور مذاہب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کیلئے سر گرم عمل ہے ہم پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا چاہتے ہیں جس میں کسی کے حق کو غصب نہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر قومی مصالحتی کونسل مسلم اور غیر مسلموں کے مسائل مفاہمت سے حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔توہین رسالت کے قانون پر پوری قوم کا اتفاق ہے اسے متنازع نہیں بنایا جا سکتا ۔

متعلقہ عنوان :