اسلام آباد ہائی کورٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھوجا ایئر لائن حادثہ بارے رپورٹ جمع کرا دی ،بھوجا ایئر حادثے کی وجہ خراب موسم اورپائلٹ کا غلط فیصلہ قرار‘ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا،کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ریمارکس

جمعرات 26 مارچ 2015 19:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) سول ایوی ایشن ڈویژن نے بھوجا ایئر حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے جس میں خراب موسم اور پائلٹ کے غلط فیصلے کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا ، عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت تک فریقین سے جواب طلب کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھوجا ایئر طیارہ حادثہ کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی ، ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کی منظوری کے بعد مرتب کی گئی رپورٹ پانچ سو صفحات پر مشتمل ہے۔ حادثے کی تحقیقات سول ایوی ایشن کے سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ نے کی۔ رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ خراب موسم اور پائلٹ کا غلط فیصلہ تھا۔ پائلٹ کی حادثے کا شکار جہاز اڑانے کی تربیت بھی نہیں تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی ذمہ داری بعض سول ایوی ایشن حکام پر بھی عائد ہوتی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ عدالت نے رپورٹ پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت تیئس اپریل تک ملتوی کر دی۔