جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کررہی ہے، انشاء اللہ بہت جلد اسلامی انقلاب نافذ ہوگا، بلدیاتی انتخابات میں مخلص ، دیانتدار اور نوجوان اُمیدواروں کو سامنے لائیں گے

امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور صابرحسین اعوان کاریگی میں جلسے سے خطاب

جمعرات 26 مارچ 2015 17:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد اسلامی انقلاب نافذ ہوگااور پاکستان اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان رہے گا۔وہ جمعرات کو ریگی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر سینکڑوں افرادنے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر صابرحسین اعوان نے کہاکہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن کے لیے بھر پور تیاریاں شروع کی ہے اور کارکنا ن وارکان مسلسل ہر یونین کونسل کی سطح پر تیاریوں میں مصروف ہے جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں مخلص ، دیانتدار اور نوجوان اُمیدواروں کو سامنے لائیں گے جو عوام کی خدمت بھر پور طریقے سے کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی ، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام تنگ آچکے ہے اس لیے عوام کی نظریں اب جماعت اسلامی پرلگی ہوئی ہے اور اُن لوگوں کوجماعت اسلامی میں خوش آمدید کہتے ہے جو نظم کی اطاعت کریں اوراُس کے دامن پر کسی قسم کا داغ نہ ہو۔