قومی اسمبلی نے مقامی حکومت علاقہ دارالحکومت اسلام آباد بل 2014کی کثر ت رائے سے منظوری دیدی

جمعرات 26 مارچ 2015 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی نے مقامی حکومت علاقہ دارالحکومت اسلام آباد بل 2014کی کثر ت رائے سے منظوری دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی پیپلزپارٹی کی ترمیم مسترد کردی گئی ‘وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی پیپلزپارٹی کی ترمیم سے عام آدمی کے الیکشن میں حصہ لینے کی آزادی متاثر ہوگی ‘دنیا جانتی ہے کرپشن میں کون ملوث رہے ‘ حکومت کرپشن کر یگی اور نہ ہی کسی کو کر نے دے گی جبکہ قومی اسمبلی میں ا پوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہے ‘ ڈکٹیٹر کے دور کی یادوں کو بھول جانا چاہیے ‘ غیر جماعتی الیکشن ہوتے تو حالات کچھ اور ہوتے ‘غیرجماعتی انتخابات سے سیاست میں کرپشن کی ابتدا ہوئی نرسری میں بدعنوانی کاپودا لگائیں گے تو پارلیمنٹ میں بھی وہی پہنچیں گے جمعرات کو وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ مقامی حکومت علاقہ دارالحکومت اسلام آباد بل 2014ء زیر غور لایا جائے ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد سپیکر نے بل کی شقیں یکے بعد دیگرے ایوان میں پیش کیں جن میں سے بعض کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی تاہم بل کی بعض شقوں میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ترامیم پیش کیں جو ایوان نے منظور کرلیں اور انہیں بل کا حصہ بنا دیا گیا بل کے مطابق اسلام آباد میں مقامی حکومتیں یونین کونسلوں اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن پر مشتمل ہونگی۔

(جاری ہے)

یونین کونسل میں چھ عمومی اراکین‘ دو خواتین ‘ ایک کسان یا مزدور اور ایک نوجوان رکن جبکہ جس یونین کونسل میں کم از کم دو سو غیر مسلم رائے دہندگان درج ہونگے وہاں ایک غیر مسلم کی نشست ہوگی۔ دوہری شہریت کا حامل ‘ فاطر العقل‘ دیوالیہ اور سرکاری ملازم ان الیکشن میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ بل کی شق میں ڈاکٹر عذرا فضل اور ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بھی ترامیم پیش کیں جن کی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے مخالفت نہیں کی اس طرح ان ترامیم کی بھی ایوان نے منظوری دیدی۔

وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عام آدمی کے الیکشن میں حصہ لینے کی آزادی متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ایک نرسری کی طرح ہیں اس میں جو پودا خود اگنا چاہے ہمیں اس کو موقع دینا چاہیے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کی ترمیم ایوان میں پیش کی جس کو ایوان نے مسترد کردیابل کی شق 25 میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ترمیم پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بل میں جماعتی اور غیر جماعتی وابستگیوں کے حامل تمام امیدواروں کے الیکشن میں حصہ لینے کی بات کی اس سے سب کو حق ملے گا اور کسی کا حق سلب نہیں ہوگا۔

وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ترمیم کی مخالفت کی۔پیپلز پارٹی کے ایاز سومرو نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کو مضبوط کرنا ہے تو جماعتی وابستگیوں کے حامل امیدواروں پر پابندی نہ لگائی جائے۔ ڈاکٹر عذرا فضل نے کہا کہ ہم قانون سازی کرنے جارہے ہیں‘ لوگوں کو قانون توڑنے کا موقع فراہم نہیں کرنا چاہیے بلدیاتی اداروں کے جو بھی امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے ان کا تعلق کسی نہ کسی جماعت سے ضرور ہوتا ہے اس لئے پارٹی جھنڈوں‘ انتخابی نشانوں سمیت ہر قسم کی پارٹی وابستگیوں پر پابندی عائد نہ کی جائے۔

سپیکر نے پارٹی وابستگیوں پر پابندی کے حوالے سے شق حذف کرنے کی ترمیم منظوری کیلئے ایوان میں پیش کی جسے کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا۔ بل میں خواتین‘ غیر مسلموں اور ٹیکنو کریٹس کے لئے پانچ فیصد کوٹہ مختص کرنے کی پیپلز پارٹی کی ترمیم منظور کرلی گئی بل کی شق میں ڈاکٹر عذرا فضل نے ترمیم پیش کی جس کی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے مخالفت نہیں کی اس طرح ان کی اس ترمیم کو بل میں شامل کرلیا گیا۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی پراپرٹی ٹیکس کی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے وصولی کے حوالے سے ترمیم کی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے مخالفت نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے نواح میں دیہاتی علاقے بھی ہیں اس لئے اسلام آباد اور دیہاتوں کی یونین کونسلوں کو یہ اختیارات تقسیم ہوں گے۔ قومی اسمبلی نے اس ترمیم کو بل میں شامل کرنے کی منظوری دیدی۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بل میں ترمیم پیش کی جس کی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے مخالفت نہیں کی اس طرح یہ ترمیم بل کا حصہ بنا دی گئی۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ مقامی حکومت علاقہ دارالحکومت اسلام آباد بل 2014ء منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دے دی۔اجلاس کے دور ان وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ فیڈرل ایمپلائز فنڈ اینڈ گروپ انشورنس (پہلی ترمیم) بل 2013ء منظور کیا جائے۔

وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پہلے پنشن ملازمین کو 70 سال کی عمر تک ملتی تھی بل کی منظوری سے یہ پنشن اب انہیں تاحیات ملے گی۔ تحریک کی منظوری کے بعد چیئرمین پرویز ملک نے بل کی شقیں ایوان میں پیش کیں جن کی قومی اسمبلی نے منظوری دیدی۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ بل منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دیدی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ فیڈرل ایمپلائز بنوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس بل (دوسری ترمیم) بل 2013ء زیر غور لایا جائے۔

تحریک کی منظوری کے بعد چیئرمین نے بل کی شقیں ایوان میں پیش کیں جن کی قومی اسمبلی نے منظوری دیدی۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تحریک پیش کی کہ بل منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے بل کی منظوری دیدی اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں اپوزیشن سید خورشید شاہ نے کہاکہ ملک میں آج جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہے۔ اب ڈکٹیٹر کے دور کی یادوں کو بھول جانا چاہیے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اگر غیر جماعتی الیکشن ہوتے تو حالات کچھ اور ہوتے، مسلم لیگ ن اب پنجاب میں غیر جماعتی الیکشن چاہتی ہے، اورپیپلز پارٹی جماعتی الیکشن چاہتی ہے۔

پنجاب میں بھی جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ڈکٹیٹر کا نام تک مٹا دیا، سیاستدانوں پر ڈکٹیٹر کی وجہ سے کرپشن کا داغ لگا۔ حکومت کرپٹ نظام کی طرف نہ جائے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ جماعتی بنیادوں پرانتخابات ہوں گے تو لوگ اپنی جماعت میں ہی رہیں گے آزاد امیدوار ہمیشہ حکومت میں شامل ہوتے ہیں انہوں نے کہاکہ آئین میں ترمیم کرکے یم این ایز،ایم پی اے کیا نتخابات غیرجماعتی کرادیں انہوں نے کہاکہ غیرجماعتی انتخابات سے سیاست میں کرپشن کی ابتدا ہوئی نرسری میں بدعنوانی کاپودا لگائیں گے تو پارلیمنٹ میں بھی وہی پہنچیں گے سید خورشید شاہ نے کہاکہ میثاق جمہوریت میں واضح ہے کہ تمام انتخابات پارٹی بنیادوں پرہوں گے۔

غیر جماعتی الیکشن سے ہارس ٹریڈنگ کا راستہ ہموار ہوتا ہے سید خورشید شاہ نے کہا کہ جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات سے بنیادی سطح پر جمہوریت مضبوط ہوگی۔ اجلاس کے دور ان وزیرمملکت پارلیمانی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کرپشن میں کون ملوث رہے ‘ حکومت کرپشن کر یگی اور نہ ہی کسی کو کر نے دے گی انہوں نے کہاکہ ہم کرپشن کے ہمیشہ خلاف رہے،کیوں لوگوں پر پارٹی سسٹم مسلط کریں انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں،پارٹی امیدوارمسلط نہیں کرناچاہیے۔ شیخ آفتاب نے کہاکہ ہماری جماعت نے ہمیشہ کرپشن کو روکا ہے ہم لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے اپنا نمائندہ منتخب کرسکیں۔