نوجوان جدید علوم کیساتھ کھیلوں پر توجہ دیں،میر غلام دستگیر بادینی

جمعرات 26 مارچ 2015 16:56

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء)وفاقی مشیر وایم پی اے نوشکی حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے کہاہے کہ نوجوان جدید علوم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر توجہ دیں،نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے روکنے کے لئے سپورٹس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے ،یوتھ سپورٹس کمپلیکس جو کہ پیٹرپ کے مالی تعاون اور بی آر ایس پی کے کاوشوں سے تعمیر ہوا ، ضلع نوشکی میں انڈور گیمز اور یوتھ سپورٹس کیلئے ایک بہتر ین سرمایہ اور پلیٹ فارم ہے ،نوجوان فارغ اوقات میں دیگر سرگرمیوں کے بجائے سپورٹس کمپلیکس سے استفادہ کریں،کیونکہ کھیل انسانی جسم کو چست رکھنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچانے کا سبب بنتاہے ،بیماریوں اور برائیوں سے پاک معاشرہ ہی ہمارے روشن مستقبل کا ضامن ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آر ایس پی کے زیر اہتمام ضلع نوشکی میں یوتھ کے لئے تین روزہ کھیلوں کے مقابلے افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خاص خاب کرتے ہوئے کیا،افتتاحی تقریب سے بی آر ایس پی کے یوتھ کوارڈینیٹرمیر حفیظ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ہے ،ایم پی اے حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے کہاکہ ضلع نوشکی میں ہرمیدان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،ہمیشہ نوجوانوں کو سپورٹ کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے زریعے ایک ایسا پلیٹ فارم دیا جاسکے جہاں وہ اپنے صلاحیتیوں کا لوہا منواسکے ،نوجوان ہماری مستقبل کے روشن ستارے ہیں ،علاقہ کے مخیر حضرات اپنے علاقے کے نوجوانوں کو ضائع نہ ہونے دیں اور کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی بھر پور تعاون یقینی بنائیں ،انہوں نے کہاکہ ہماری اولین کوشش یہی رہی ہے کہ علاقہ کے تمام یونین کونسل میں کھیلوں کے گراؤنڈ بنائیں جائیں،بی آرایس پی کے تعاون سے سپورٹس کمپلیکس کا قیام علاقہ کے نوجوانوں کے لئے تحفہ ہے ،نوجوان اور کھلاڑی اس سے بھرپور استفادہ کریں ،انہوں نے کہاکہ بحثیت عوامی نمائندہ ہمیشہ سے کھیلوں سے رغبت رکھی ہے اور کھلاڑیوں کی بھرپور تعاون کی ہے تاکہ وہ سپورٹس کے میدان میں علاقہ کا نام روشن کرسکیں،میر غلام دستگیر بادینی نے کہاکہ موجودہ حکومت سپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کے فلاح کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے ،اور بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد بھی صوبائی حکومت کے سپورٹس دوستی کو آشکارکررہی ہے ،انہوں نے کہاکہ نوجوان کے فلاح اور انہیں شعور اجاگر کرنے والی این جی اوز آگے بڑھیں اور علاقہ کے نوجوانوں کی تعلیمی،معاشرتی اور کھیلوں کے زریعے انکی رہنمائی کریں اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کریں ،ہم انہیں اپنے ضلع میں خوش آمدید کہے گے اور انہیں ہرممکن تعاون فراہم کرینگے۔