ورلڈ کپ 2015: دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملا دیا

جمعرات 26 مارچ 2015 16:29

ورلڈ کپ 2015: دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارتی سورماؤں کا غرور ..
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے دوسرے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ ورلڈ کلاس باؤلنگ اٹیک کے سامنے 329رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کر تے ہوئے سابق عالمی چیمپئن بھارت کے بلے بازوں کی ٹانگیں کپکپا گئیں اور بھارتی سورما 46اوورز میں 233رنز بنا کر ڈھیر ہوگئے ۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 328رنز بنائے ۔

آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور ڈیوڈ وارنر محض 12رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ سٹیو سمتھ اور فنچ نے دوسری وکٹ کے لیے سکور میں 182رنز کا اضافہ کیا ۔ سٹیو سمتھ نے اپنے ون ڈے کیریئر کی تیسری سنچری سکور کی جس کے بعد وہ یادو کا نشانہ بنے جس کے بعد ایرون فنچ بھی 81رنز بنا کر یادو کو وکٹ دے بیٹھے ۔

(جاری ہے)

وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں نے آسٹریلیا کو 350رنز کا مجموعہ تشکیل دینے سے روک دیا اور میکسویل کے 23،واٹسن کے 28،فالکنر کے 21اور جونسن کے 27ناقابل شکست رنز کی بدولت کینگروز نے 328رنز کامجموعہ تشکیل دیدیا ۔

بھارت کی جانب سے امیش یادو نے 4، موہت شرما نے 2اور ایشون نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2015ء کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آسٹریلیوی کپتان مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ وہ سکور بورڈ پر ایک اچھا مجموعی تشکیل دیکر بھارتی بیٹنگ لائن اپ پر ہدف کے تعاقب کا دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں ۔

دوسری جانب بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے مطابق وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ، ان کے خیال میں دوسری اننگز کے دوران بھی پچ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ دنوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ 329رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز مثبت رہا اور روہت شرمااور شیکھر دھون نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 76رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے ویرات کوہلی جلدی میں نظر آئے اور 1بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔

روہت شرما بھی 34رنز بنا کر ہمت ہار نے کے بعد جونسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ ان کے بعد سریش رائنا 7رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد رہانے اور دھونی نے 5ویں وکٹ کے لیے 70رنز جوڑے ،رہانے 44رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارت کی میچ جیتنے کی تمام امیدیں بھی دم توڑ گئیں ۔کپتا ن دھونی 65رنز بنا کر پوویلین لوٹے اور پوری بھارتی ٹیم 46اوورز میں پوویلین لوٹ گئی جس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ریکارڈ 7ویں مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔

آسٹریلیا کی جانب سے فالکنر نے 3،جونسن اور سٹارک نے 2،2جبکہ ہیزل ووڈ نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا۔سنچری سکور کر نے والے کینگرو بلے باز سٹیو سمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میگا ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین 29مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :