لاہور: واپڈا کا تربیلا کے 1410 میگاواٹ کے پانچویں توسیعی منصوبے کا پی سی ون منظوری کیلئے بھجوانے کا فیصلہ

بدھ 25 مارچ 2015 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) وزارت ِ پانی و بجلی کی وساطت سے 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کا پی سی ون پلاننگ کمیشن کو منظوری کے لئے بھجوایا جارہا ہے ۔ منصوبے کا پی سی ون795.8ملین ڈالر لاگت پر مبنی ہے ۔ماہرین کے مطابق منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لئے بھجوایا جانا تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر کے لئے ایک اہم پیش رفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی ون منظوری کے لئے وزارتِ پانی و بجلی کو بھجوانے کا فیصلہ واپڈا ہاوَس میں منعقدہ اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کی ۔ اجلاس میں پراجیکٹ حکام اور کنسلٹنٹ کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔ منصوبے کی تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر5 کو اِس طرح پاور ٹنل میں تبدیل کیا جائے گا کہ اِس سرنگ سے آبپاشی کے لئے پانی کے اخراج کی صلاحیت متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

ٹنل نمبر5 پر تین ٹربائنیں نصب کی جائیں گی اور ہر ٹربائن کی پیداواری صلاحیت470میگاواٹ ہوگی ۔ منصوبے سے موسم گرما کے دوران مجموعی طور پر 1410 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ ہر سال قومی نظام کو ایک ارب 80 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا۔ پراجیکٹ کے مالی فوائد کا تخمینہ 13.5 فیصد لگایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ تربیلا کے موجودہ ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 478 میگاواٹ ہے ۔ زیر تعمیر تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر یہ صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ اور پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر 6 ہزار 298 میگاواٹ ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :