یوم پاکستان پر پریڈ کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد ملنی چاہیئے ‘پریڈ نے پوری قوم کو متحد کیا ہے‘یوم پاکستان کی پر وقار تقریب دہشتگردی کیخلاف قومی امنگوں کی عکاس ہے ‘تقریب سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی مدد ملی ‘شہداء نے مادر وطن کیلئے جان کی قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ،صدر مملکت ممنون حسین کا یوم پاکستان پریڈ میں شریک فوجی دستوں کے اعزاز میں ظہرانہ کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 مارچ 2015 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پر پریڈ کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد ملنی چاہیئے ‘پریڈ نے پوری قوم کو متحد کیا ہے‘یوم پاکستان کی پر وقار تقریب دہشتگردی کیخلاف قومی امنگوں کی عکاس ہے ‘تقریب سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی مدد ملی ‘شہداء نے مادر وطن کیلئے جان کی قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ۔

وہ بدھ کی دوپہر یوم پاکستان پر منعقدہ پریڈ میں شریک فوجی دستوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پریڈ کے شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں شریک فوجی دستوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ہے جبکہ اس تقریب میں صدر پاکستان ممنون حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بتایا گیا ہے کہ فوجی دستوں کے اعزاز میں ظہرانہ شکر پڑیاں گراؤنڈ میں دیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد ملنی چاہیئے جبکہ اس پریڈ نے پوری قوم کو متحد کیا ہے۔صدر پاکستان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یوم پاکستان کی پر وقار تقریب دہشت گردی کے خلاف قومی امنگوں کی عکاس ہے جبکہ اس تقریب کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔انہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے مادر وطن کے لیے جان کی قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے جبکہ صدر پاکستان کی جانب سے پریڈ کے شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئی ہیں۔