نیب نے تین ارب 88 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی 2013 ء سے اب تک 869 کیسز میں تحقیقات اور تفتیش مکمل کرلی،

مختلف عدالتوں کو 237 ریفرنسز بھجوائے گئے،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کا قومی میں وقفہ سوالات

بدھ 25 مارچ 2015 19:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) نیب نے تین ارب 88 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی  2013 ء سے اب تک 869 کیسز میں تحقیقات اور تفتیش مکمل کرلی  مختلف عدالتوں کو 237 ریفرنسز بھجوائے گئے یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ پرویز رشید نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتائی انہوں نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے سفارشات مرتب کرنے سے متعلق کمیٹیاں قائم کی ہیں اس کے علاوہ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ بھی مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نہ صرف مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کامیاب رہا ہے بلکہ لوٹے ہوئے اربوں روپے بھی وصول کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے تین ارب 88 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی ہے اور 2013 ء سے اب تک 869 کیسز میں تحقیقات اور تفتیش مکمل کی ہیں جبکہ مختلف عدالتوں کو 237 ریفرنسز بھجوائے گئے ہیں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بدعنوانی میں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپس کے انعقاد، میڈیا کے ذریعے تشہیر، تعلیمی اداروں میں نوجوان نسل کی کردار سازی، یوٹیلٹی اور موبائل بلوں میں بدعنوانی کے خلاف اشتہارات جیسے اقدامات کے ذریعے لوگوں میں بدعنوانی کے خلاف شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔