پا کستان اپنی سرحدوں کو پر امن بنانے کی کوششیں کر رہا ہے، دوست ممالک کو امن کے لئے ساتھ دینا چاہیے ، سیکرٹری دفاع

افغانستان میں استحکام اور امن عمل میں سہولت کے لئے افغان حکومت کی مدد کے لئے پرخلوص کوششیں کیں ،جنرل محمد عالم خٹک ، امریکی وفد کا افغانستان میں نیشنل یونٹی حکومت کے قیام پر اطمینان کا اظہار ،خطہ میں امن و استحکام کی کیلئے کوششوں کی تعریف، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز پاکستان کی کمٹمنٹ کا ثبوت ہے،ڈپٹی کمانڈر سینٹ کام

بدھ 25 مارچ 2015 18:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عالم خٹک نے کہا ہے کہ پا کستان اپنی سرحدوں کو پر امن بنانے کی کوششیں کر رہا ہے، دوست ممالک کو امن کے لئے ساتھ دینا چاہیے وہ بدھ کو یہاں امریکی ڈپٹی کمانڈر برائے سینٹ کام وائس ایڈمرل مارک فاکس اور چیف آف او ڈی آر پی لیفٹیننٹ جنرل انتھونی راک سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے افواج کے انخلاء میں ایک مستحکم کردار ادا کر رہا ہے، ہم جنوبی ایشیاء میں سیکورٹی کے لئے مرکزی حیثیت کے حامل ہیں، اس سلسلے میں خطہ کی سلامتی و استحکام کے لئے ہماری اہمیت کو سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں استحکام اور امن عمل میں سہولت کے لئے افغان حکومت کی مدد کے لئے پرخلوص کوششیں کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی وفد نے افغانستان میں نیشنل یونٹی حکومت کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمانڈر نے خطہ میں امن و استحکام کی کے لئے پاکستان کی پرخلوص کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز پاکستان کی کمٹمنٹ کا ثبوت ہے۔

وائس ایڈمرل مارک فاکس نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی فوج اور عوام کی قربانیوں کی بڑی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے پشاور میں سکول پر افسوسناک حملے کی مذمت کی اور امن کے لئے پاکستان کی کمٹمنٹ کی تعریف کی۔ وفد کے ارکان میں سینٹ کام کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل مارک فاکس، چیف آف او ڈی آر پی جنرل انتھونی راک، امریکی سفارتخانہ کے ایگزیکٹو آفیسر شامل تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے سینئر حکام نے شرکت کی۔