کراچی ،بیریئرز کیخلاف رینجرز کا کریک ڈاؤن شروع

بدھ 25 مارچ 2015 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) کراچی میں بیریئرز کیخلاف رینجرز کا کریک ڈان شروع ہو گیا، سابق صدرپرویز مشرف کی رہائش گاہ سمیت شہر مختلف مقامات سے رکاوٹیں ہٹادی گئی، کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر لگے بیریئرز ہٹانے سے سکیورٹی کے چیلنجز میں اضافہ ہوگا۔رینجرز نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پرویز مشرف کی رہائش گاہ کے اطراف رکاوٹیں ہٹادی۔

ہیوی لفٹر کے ذریعے بلاک اور کنٹینر کو ہٹایا گیا، جس کے بعد تمام گلیاں کھول دی گئیں۔ رینجرز نے جمشید روڈ کے اطراف لگائے گئے بیریئرز بھی ہٹادیئے ہیں۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ بیریئرز اور رکاوٹوں کے باعث شہریوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔واضح رہے ڈی جی رینجرز سندھ نے شہریوں کو باہترگھنٹوں کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے خاتمے کے بعدرینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں لگے بیریئرز کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔دوسری جانب کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن برائے تجارت و صنعت میں خطاب کرتے ہوئے شعیب احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ شہر کی سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں دو مرتبہ پیش ہوکر موقف بیان کیا جاچکا ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ بیریئرز ہٹانے سے سکیورٹی کے چیلنجز بڑھ جائیں گے اس حوالے سے سکیورٹی اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :