طلبہ و طالبات مثبت سوچ سے ہی ایک اچھے اور کارآمد شہری بن سکتے ہیں،ایس ایس پی میرپور خاص

بدھ 25 مارچ 2015 17:14

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)ایس ایس پی میرپورخاص عثمان غنی صدیقی نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات مثبت سوچ سے ہی ایک اچھے اور کارآمد شہری بن سکتے ہیں جو ملک و قوم کی ترقی کے ضامن ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ جناح اسکول میرپورخاص کی 27ویں سالانہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے طلبہ و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ منفی پہلووٴں سے گریز کرکے اپنی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں کیونکہ تعلیم کی کوئی حد نہیں ہے ۔

انہوں نے طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے اسکول کے منتظمین اور اساتذہ کی محنت کو سراہا ۔طلبہ و طالبات کی خواہش پر ایس ایس پی نے طلبہ و طالبات کو تھر کول کا مطالعاتی دورہ کرانے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ڈائریکٹر نارا کینال میرپورخاص غلام مصطفی اُجن نے کہا کہ بچوں کو ہمیشہ نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہیئے جس سے انکی ذہنی و جسمانی نشوونما ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر نارا کینال نے طلبہ و طالبات کو چوٹیاری ڈیم کا مطالعاتی دورہ کرانے کا اعلان کیا۔ تقریب میں اسکول کے ایڈمنسٹریٹر محمد رضا خان ، پرنسپل کوثررضا، اساتذہ اور طالبات نے اسکول کی کارکردگی، تاریخ، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات بڑی تعدادمیں موجود تھیں۔