کلرکس برادری سمیت جملہ سول ملازمین کے جائز مسائل قانون کے مطابق حل کئے جا رہے ہیں ،ضیاء اللہ

بدھ 25 مارچ 2015 16:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن محکمہ معدنیات کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بدھ کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل معدنیات پشاور میں منعقد ہوئی ۔ صوبائی وزیر برائے معدنی ترقی ضیاء اللہ آفریدی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ سیکرٹری محکمہ معدنیات میاں وحید الدین ، ڈائریکٹر جنرل معدنیات ڈاکٹر لیاقت علی ا ور کمشنر مائنز زیارت خان کے علاوہ صدور عبیدالرحمن اور سید علی شاہ ،نو منتخب کابینہ کے دیگر عہدیداران و اراکین اور متعلقہ حکام اور ملازمین نے تقریب میں شرکت کی ۔

ضیاء اللہ آفریدی نے نو منتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا ۔ حلف اُٹھانے والوں میں نو منتخب صدر محکمہ معدنیات عبید الرحمن عوان ، سینئر نائب صدر معدنیات عدنان، نائب صدر کمال شاہ ، جنرل سیکرٹری سید فرمان علی شاہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری نعمت اللہ ، فنانس سیکرٹری عزیز اللہ اور پریس سیکرٹری محمد طاہر جبکہ محکمہ انسپکٹریٹ آف مائنز پشاور کے صدر سید علی شاہ ، سینئر نائب صدر محمد اُسامہ ، نائب صدر محمد شکیل الرحمن ، جنرل سیکرٹری محمد ایوب ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد نثار ، فنا نس سیکرٹری ملک امان اور پریس سیکرٹری الطاف حسین خلیل شامل تھے۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری فرمان علی شاہ نے سپاسنامہ پیش کیا جو زیر التواء پروموشن کیسز ، منرل الاؤنس ، منرل کالونی اور ٹیکنیکل سٹاف کی اپگریڈیشن کے علاوہ دیگر اہم مسائل و مطالبات پر مشتمل تھا ۔ صوبائی وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا ملازمین کو اُن کے جائز مطالبات کی منظوری اور مسائل کے قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تحریک انصا ف کی صوبائی حکومت نے وسائل کی کمی اور دیگر مسائل کے باوجود کلرکس برادری کی اپگریڈیشن کرکے اُن کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جبکہ سول ملازمین کو درپیش دیگر مسائل بھی قواعد و ضوابط کے تحت حل کرنے میں کوشاں ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی ، انصاف کی فراہمی اور موئثر پالیسوں کی تشکیل صوبائی حکومت کے تاریخ ساز کارنامے ہیں جن کی بدولت آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریگی اور اس کی مخالف قوتوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف نے مختصر عرصے میں بہترین گورننس کے ذریعے عوام کا کھویا ہوا اعتمادپھر سے بحال کر دیا ہے اور اپنے تبدیلی کے مشن پر کامیابی کے ساتھ گامزن ہے ۔

اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سول ملازمین اپنی زمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔ جنرل سیکرٹری فرمان علی شاہ نے کلرکس برادری کی اپگریڈیشن کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کلرکس برادری کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔