کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت نہیں ، جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آپریشن شروع کیا ، آپریشن سے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے، جلد شہر قائد سے جرائم کا مکمل خاتمہ اور امن قائم ہوجائے گا ، وعدہ ہے کہ کراچی میں مکمل امن تک آپریشن جاری رہے گا، جرائم پیشہ عناصر کسی علاقے میں ہوں نہیں بچیں گے، ان کو شکست فاش سے دوچار کریں گے،کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری سے خطے میں امن قائم ہو گا، بھارت سمیت تمام پڑوسیوں سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا

وزیر اعظم نواز شریف کا کراچی میں اسٹاک ایکسچینج کی نمایاں کمپنیوں کو ایواڈ دینے کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 مارچ 2015 15:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آپریشن شروع کیا ، آپریشن کی وجہ سے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے، بہت جلد شہر قائد سے جرائم کا مکمل خاتمہ اور امن قائم ہوجائے گا ، وعدہ ہے کہ کراچی میں مکمل امن تک آپریشن جاری رہے گا، جرائم پیشہ عناصر کسی بھی علاقے میں ہوں نہیں بچیں گے، ان کو شکست فاش سے دوچار کریں گے،کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری سے خطے میں امن قائم ہو گا، بھارت سمیت تمام پڑوسیوں سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو کراچی میں اسٹاک ایکسچینج کی نمایاں کمپنیوں کو ایواڈ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اسٹاک ایکسچینج کی بہترین کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے ، ہمیں آنیوالے کئی سالوں کی منصوبہ بندی کرنی ہے ،اس وقت ملک میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے منصوبے زیر غور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف بجلی پیدا ہوگی بلکہ اس سے جن علاقوں میں فصلوں کو پانی نہیں مل رہا انہیں بھی پانی ملے گا،ملک کو دہشتگردی کے مسائل کا بھی سامنا ہے، ہم نے اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا ، آپریشن کامیاب رہا جس سے دہشتگردوں کی جڑیں اکھاڑ دی گئیں ، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا اور ان سے مذاکرات کئے ، جب تک پاکستان سے آخری دہشتگرد کو ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک ضرب عضب ختم نہیں ہوگا، ہم نے کراچی میں ہونے والے جرائم کو قائم علی شاہ کی مدد سے انتہائی کم کیا ، ہم نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کو بھی ختم کیا ، ایک دن آئے گا جب اس شہر سے یہ تمام برائیاں ختم ہوجائیں گی، اس کیلئے کراچی میں امن کا قیام ضروری ہے اگر کراچی میں ترقی نہیں ہو گی تو ملک میں ترقی نہیں ہوگی ، ہم اس میں کامیاب ہو رہے ہیں ، ہمیں اس حوالے سے سندھ حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہوگا ، ہم نے 2013 کے انتخابات میں مفاہمت کی بنیاد رکھی اور اس کے بعد سے یہ سفر جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنا ہوگی کیونکہ کراچی میں ہونے والا آپریشن مجرموں کے خلاف ہے ، یہ کسی پارٹی یا کسی جماعت کے خلاف نہیں ، مجرم جو فرقہ واریت یا کسی اور جرم میں ملوث ہیں ، خواہ وہ کسی بھی صوبے یا شہر میں ہوں ان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں ، پاکستان کا دنیا میں امیج بہتر بنانا ہوگا اور ہمیں ہر شعبے میں اپنے آپ کو بہتر بنانا ہوگا ، ہم نے دہشتگردی کیخلاف لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا اب ہم اس جنگ کو آخری حد تک لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا چیلنج ہے کہ ہم اپنی برآمدات کو بڑھائیں ، ہم نے نئے ائیرپورٹس کی تعمیر پر زور دینا ہے ، اس کے علاوہ قومی ائیر لائن کو بھی ٹھیک کرنا ہے ، ہزارہ موٹر وے کا بھی آغاز ہوگیا ہے ، گوادر کی تعمیر کرنی ہے ، بجلی اور گیس کی قلت کو بھی جلد سے جلد ختم کرنا ہے ، ہم بجلی سستی بھی کریں گے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ گھریلو صارفین کے علاوہ کسانوں اور صنعتی کارکنوں کو بھی سستی بجلی دیں گے، پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ اس ملک کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیں . ہم آئندہ تین سالوں میں قوم کو نیا اور بہتر پاکستان دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لیے کراچی میں امن بے حد ضروری ہے اور بہت جلد کراچی سے تمام جرائم کا خاتمہ کردیں گے،ملک کی ترقی کا دارومدار کراچی کی ترقی پر ہے،اپنے فرض کو جرائم کے مکمل خاتمے تک ادا کریں گے،کراچی میں حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور سندھ حکومت بھی جرائم کے خاتمے کے لیے ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لیے 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان بنایا۔

انہوں نے دہشت گردوں کا نیٹ ورک اور ان کا انفراسٹرکچر تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے عسکریت پسندوں سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد آپریشن شروع کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعاون بھی دہشت گردی کو ختم کرنے میں مفید ثابت ہوگا۔

توانائی بحران کے حل کے حوالے سے ایک بار پھر انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری بہت بڑا چیلنج ہے اور توانائی بحران پر قابو پانے کے علاوہ ہمیں آئندہ 25 سالوں کی پلاننگ کرنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبوں میں طویل مدتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں بھاشا، داسو اورپونجی ڈیم پر بھی کام کیا جارہا ہے۔