دورہ بنگلہ دیش میں قومی کرکٹ سکواڈز کی قیادت تین کپتان کریں گے

بدھ 25 مارچ 2015 14:40

دورہ بنگلہ دیش میں قومی کرکٹ سکواڈز کی قیادت تین کپتان کریں گے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) دورہ بنگلہ دیش میں قومی کرکٹ سکواڈز کی قیادت تین کپتان کریں گے۔ ون ڈے میں قیادت صہیب مقصود کو مل سکتی ہے۔ اسکواڈ میں محمد حفیظ، سعید اجمل، فواد عالم اور شعیب ملک کی واپسی ہوگی۔ کھلاڑیوں کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔آئندہ ماہ دورئہ بنگلہ دیش میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت تین الگ الگ کپتان کریں گے۔

مصباح الحق ٹیسٹ اور شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ اعلٰی تعلیم یافتہ صہیب مقصود ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں۔ یونس خان نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا لیکن انہیں ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیاجائیگا۔ محمد حفیظ اور سعید اجمل کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ دورہ بنگلہ دیش سعید اجمل کی پہلی آزمائش ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کے مستقبل کا انحصار سیریز کی کارکردگی پرہوگا۔ مصباح اورآفریدی کی جگہ سعید اجمل اور فواد عالم شامل کئے جائیں گے۔ٹیم کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ نئے سلیکٹرز بھی تنخواہ دار ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا پہلے ہی اعلان کر چکے۔ چیف سلیکٹر کیلئے محسن خان اور وسیم باری فیورٹ ہیں۔اس کااعلان اسی ہفتے متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق معین خان سے دو اور دیگر سلیکٹرز سے ایک سال کا معاہدہ ہوا تھا۔ قبل از فارغ کئے جانے پر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا بھی امکان ہے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے چیئرمین مشاورت کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :