سیالکوٹ موٹر وے منصوبہ ختم کرکے پنجاب کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی ‘ سید بلال شیرازی

بدھ 25 مارچ 2015 13:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ موٹر وے منصوبہ کو ختم کرکے پنجاب کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی ،منصوبہ کو جاری رکھا جاتا تو یہ منصوبہ 5سال قبل مکمل ہوجاتا اس منصوبہ کی تکمیل سے لاہور اور سیالکوٹ میں سفر کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے سے کم ہو کر صرف 45منٹ رہ جاتا اس منصوبہ کی تکمیل سے پنجاب ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوجاتا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موٹروے پر چین کے تعاون سے دو انڈسٹریل اسٹیٹس کے علاوہ جرمنی اور سویڈن کے تعاون سے دو پولی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بھی قائم کی جا رہی تھیں لیکن موٹروے کا منصوبہ ختم ہونے سے ان ممالک نے یہ یونیورسٹیاں بھارت منتقل کر دیں۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ موٹر وے منصوبہ کے خاتمہ سے سیالکوٹ، گجرات سمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے عوام کو سفر کے علاوہ تعلیم کی جدید ترین سہولتوں سے محروم کر دیا اور یہ علاقہ کئی سال پیچھے چلا گیا۔

منصوبہ بروقت مکمل ہوتا توکاروبار کے وافر مواقع فراہم ہونے سے علاقہ میں بے روزگاری کا مسئلہ بھی حل ہوجاتا اور ان علاقوں میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی سیاسی مخالفت میں مفاد عامہ کے منصوبے ختم کرنا عوام سے زیادتی ہے۔سید بلال شیرازی نے کہا کہ لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بے پناہ رش اوراردگرد کے شہروں سے دل کے امراض کے علاج کے لیے لاہور آنے میں مشکلات کے باعث عوامی منصوبہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کا منصوبہ شروع کیا گیا جس کا بیشتر کام مکمل ہوچکا تھا لیکن اس منصوبہ کو بھی تاحال زیر التواء رکھ کر ارد گرد کے اضلاع کو علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ لاہور کارڈیالوجی ہسپتال میں دل کے آپریشن کیلئے کئی کئی ماہ بعد کی تاریخیں دی جارہی ہیں اس لیے عوامی فلاحی منصوبہ وزیرآبادکارڈیالوجی ہسپتال کو فی الفور فعال کیا جائے تاکہ ارد گرد کے اضلاع کی عوام لاہور آنے کی بجائے اپنے قریبی ہسپتال میں اپنا علاج معالجہ کرواسکے۔

نیز ایکسپریس منصوبہ کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ موٹر وے منصوبہ بھی پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :