پنگریو ‘ آتشزدگی سے بھیل برادری سے تعلق رکھنے والے9محنت کشوں کے کچے گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے

بدھ 25 مارچ 2015 13:12

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) پنگریو کے نواحی گاؤں وسیم گجر میں ہو نے والے آتشزدگی کے واقع میں بھیل برادری سے تعلق رکھنے والے9محنت کشوں کے کچے گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے جس کی وجہ سے گھروں میں موجود تمام سامان خاکستر ہو گیا آتشزدگی کے واقع کے بعد چھوٹے بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد سمیت تمام متاثرین کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار بیٹھے ہوئے ہیں اور کسی نے بھی ان متاثرین کی مدد نہیں کی تفصیلات کے مطابق پنگریو کے قریب گاؤں وسیم گجر میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقع میں بھیل برادری سے تعلق رکھنے والے9محنت کشوں کے گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے ہیں بتایا جاتا ہے کہ گھروں کے مکین جن میں مرد اور خواتین شامل ہیں محنت مزدوری کے لئے زمینوں پر گئے ہوئے تھے اور گھروں میں صرف بچے موجود تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے آسمان سے باتیں کر نے لگی آگ بھڑکنے کے بعد گھروں میں موجود بچوں کی چیخ وپکار پر قریبی گھروں کے مکین وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے بڑی مشکل کے بعد بچوں کو گھروں سے باہر نکالا اور آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ وہ آگ کے قریب بھی نہیں جاسکے اور تمام گھر جل گئے گھروں میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر گھروں کے مکین روتے پیٹتے جب اپنے گاؤں واپس پہنچے تو ان کے گھر راکھ میں تبدیل ہوچکے تھے جس پر ان مکینوں خاص طور پر خواتین کی حالت غیر ہو گئی اور متعدد خواتین صدمے سے بے ہوش ہو گئیں علاقہ مکینوں نے آتشزدگی کے واقع کے بعد فائر بریگیڈ ٹنڈو باگو کو مطلع کیا تاہم فائر بریگیڈ گاڑی اس وقت وہاں پہنچی جب تمام گھر جل چکے تھے آتشزدگی کے اس واقع میں سومجی بھیل، واگجی بھیل، بھوجو، لیلو، ہرجی، نرسنگ، ہیمن، ارجن اور چیتن بھیل کے گھر جل گئے ہیں اور گھروں میں موجود تمام سامان جس میں نقدی، زیورات، اناج، بسترے، چارپائیاں، چاندی،لڑکیوں کا جہیز شامل ہے خاکستر ہو گیاہے آتشزدگی کے واقع کے بعد تمام متاثرین جن میں بچے، خواتین اور مرد شامل ہیں کھلے آسمان تلے بے یارومدد گار بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کی کسی نے مدد نہیں کی آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ آتشزدگی کے واقع کے بعد کوئی بھی سرکاری یا سیاسی شخصیت متاثرین کے پاس نہیں پہنچی متاثرین نے پنگریو کے صحافیوں کو بتایاکہ ان کے گھروں میں کوئی چیز باقی نہیں بچی اب وہ بھوکے پیاسے اپنے جلے ہوئے گھروں کے سامنے بیٹھے ہو ئے ہیں متاثرین نے وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی بحالی کے لئے فوری قدم اٹھایا جائے-

متعلقہ عنوان :