پاکستان پیپلزپارٹی کی کنٹو نمنٹ بورڈ ز میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

بدھ 25 مارچ 2015 12:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے کنٹو نمنٹ بورڈ ز میں ہونے والے غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔ درخواست راجہ پرویز اشرف کی جانب سے دائر کی گئی ہے بدھ کے روز دائر کردہ درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر نہیں ہو سکتے ۔

عوامی نمائندگی ایکٹ 2002 کی بعض شقوں میں ترمیم کی ضرورت ہے تمام جماعتوں کا انتخابی عمل میں حصہ لینا ضروری ہے آئین غیر جماعتی انتخابات کی اجازت نہیں دیتا ۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں سیاسی جماعتوں کو آزادی کے ساتھ کام کرنے کی پوری پوری اجازت دی گئی ہے غیر جماعتی بنیادوں پر انتخا بات کروا کر سیاسی جماعتوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت کو حکم دیا جائے کہ بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی کی بنیاد پر کرانے کے باعث سیاسی جماعتوں کی بنیاد پر کرائے جائیں ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بیرسٹر اعتزاز احسن بطور وکیل پیش ہوں گے ۔ عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات قریب تر ہے اس لئے اس درخواست کی جلد سے جلد سماعت کی جائے اور فیصلے تک اس انتخاب کو روکا جائے ۔