خیرپوراورحافظ آباد میں ٹریفک حادثات ، 14 مسافر جاں بحق،50زخمی

بدھ 25 مارچ 2015 10:52

خیرپور/حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء ) خیرپوراورحافظ آباد میں ٹریفک حادثات میں 14 مسافر جاں بحق جبکہ50زخمی ہوگئے،زخمیوں کوقریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل تھے ،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، وزیر اعلی پنجاب وسندھ سمیت سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے ٹریفک حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ۔

بدھ کو پولیس کے مطابق خیر پور میں سیٹھارجہ کے قریب حادثہ اْس وقت پیش آیا جب اسلام آباد سے کراچی آنے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہوئی۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا۔خیر پور کے سول ہسپتال میں حادثے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد 14 تھی جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ حافظ آباد میں پنڈی بھٹیاں کے قریب فیکٹری کی بس الٹنے سے 35ملازم زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں خواتین بھی شامل تھیں، حادثے کے فوری بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ نجی مل کی بس کو حادثہ اْس وقت پیش آیا جب بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پنڈی بھٹیاں اور ڈی ایچ کیو حافظ آباد منتقل کیا۔