لاہور میں کرائم کا گراف روزبروز بڑھتا جا رہا ہے ‘میاں مقصود احمد،

سرکاری ہسپتالوں میں عوام ادویات سے محروم ہیں‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

منگل 24 مارچ 2015 23:17

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ لاہور میں کرائم کا گراف روز بروز بڑھتا چلا جارہا ہے جس کو روکنے کے لیے سکیورٹی ادارے اپنے فرائض ٹھیک طریقے سے سر انجام نہیں دے رہے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں ڈاکوؤں کی کاروائیاں جاری ہیں لاہوریے قیمتی اشیا ء سے محروم ہو رہے ہیں ، کوئی بھی شہری اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کرتا چور ڈاکواپنا کام ایسے طریقے سے کرتے ہیں جیسے انھیں کسی قسم کا کوئی ڈر اور خوف نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات تب پیدا ہوتے ہیں جب غربت اپنی انتہا کو پہنچتی ہے روز گار کی عدم دستیابی سے نوجوان آغازمیں چھوٹی موٹی چوریاں کرتے ہیں بعد میں بڑی کاروائیاں کرنا شروع کرتے ہیں ہمارا معاشرہ دن بدن مختلف قسم کی اخلاقی برائیوں میں مبتلا ہو رہاہے ۔

(جاری ہے)

جب تک معاشرے میں ہم انصاف کے تقاضے پورے نہیں کریں گے تب تک ہم کامیاب نہیں ہو سکتے اور نہ امن قائم ہو گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام ادویات سے محروم ہیں۔ دیہات سے آنے والے غریب معصوم لوگوں کو سرکاری ہسپتالوں میں مناسب سہولیات میسر نہیں، ہسپتالوں میں چند کرپٹ لوگ دوسروں کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں عام لوگ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عد م د ستیابی کی وجہ سے زندگی بچانے والی دوائیاں بازار سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں اوربدقسمتی سے عام مارکیٹ میں بھی دو نمبر ادویات فروخت ہورہی ہیں جس کو کنٹرول کرنے والاکوئی نہیں اور نہ ہی ان ادویات کو فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :