کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ آفیسرزکلب میں یوم پاکستان ویمن آرم ریسلنگ چمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا

منگل 24 مارچ 2015 22:33

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) اسکائی فائیٹرزاسپورٹس کلب اور سندھ ویمن آرم ریسلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ آفیسرزکلب میں یوم پاکستان ویمن آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کی چالیس سے زائد ویمن آرم ریسلرزنے حصہ لیا، 23مارچ بروز پیر کو منعقد ہونیوالے ایونٹ کے مہمان خصوصی کے واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر محمد اسلم خان اور ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیو ریج بورڈ محسن قائم خانی نے انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر نیشنل بینک کے مشیر کھیل حاجی غلام محمد، اسکائی فائیٹرزاسپورٹس کلب کی جنرل سیکریٹری بتول کاظم، چیئرمین عظیم الشان، کاشف احمد فاروقی، ڈاکٹر عارف حفیظ، طارق خان، ڈاکٹر ندیم اختر، ایس ایم ناصر علی، محمد شاہد اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کے مقابلے تین مختلف کیٹیگریز سینئرز، ماسٹرز اورجونیئرز میں منعقد ہوئے۔55کلوگرام جونیئرکیٹیگری میں اقراء نے پہلی اور ماریہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، اسی طرح مدیحہ انورنے پہلی اور کوثر نے دوسری، جونیئرز 55کلو گرام میں ایلن روز نے پہلی اور طوبہ نے دوسری، مائنس 45کلو گرام میں شیلا نے پہلی اور انوشہ نے دوسری پوزیشن پر اکتفاکیا، سینئرز50کلو گرام میں سمن نے پہلی اور فوزیہ ناز نے دوسری، 60کلوگرام میں مہرین اکرم نے پہلی اور امبر محسن نے دوسری، 55کلوگرام سینئرز میں امینکس نے پہلی اور صالحہ نے دوسری، 65کلوگرام میں سعدیہ نے پہلی اور فریحہ نے دوسری، 70کلوگرام میں حرا نے پہلی اور اُفق نے دوسری،85کلوگرام میں سنتھیا روز نے پہلی اور صوفیہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، ماسٹرزکیٹیگری میں نبیلہ نے عروج کو شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا۔

اسکائی فائیٹرزاسپورٹس کلب کے سرپرست اعلیٰ اور ڈی ایم ڈی کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ محمد اسلم خان نے خطاب میں کہا کہ خواتین کا آرم ریسلنگ کے کھیل میں بڑھتا ہوا جوش و خروش قابل دید ہے، اسکائی فائیٹرزکلب ان خواتین کو بھی کھیلوں کے مواقع فراہم کریگا جنہیں اب تک یہ سہولت میسر نہیں آسکی ہے، تعلیمی اداروں سمیت ہر سطح پر خواتین کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی جدوجہد کے بعد ملا ہے اسکے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دی ہیں، ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ ہم جس ملک میں آزادی کیساتھ سانس لے رہے ہیں اسے حاصل کرنے میں بڑی قربانیاں دی گئیں ہیں، انہوں نے کہا کہ جس ملک میں میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے اسپتال ویران ہوجاتے ہیں اس فارمولے پر ہم عمل پیرا ہیں انشاء آئندہ چندماہ میں ہم مزید بڑے ایونٹ منعقد کرینگے۔

اسکائی فائیٹرزکی سیکریٹری بتول کاظم نے کہا کہ ویمن آرم ریسلنگ ہمارا تیسرا ایونٹ تھا اس سے قبل ہم باسکٹ بال اور ہاکی کے مقابلے کامیابی سے منعقد کراچکے ہیں، ہمارے ایونٹ کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ خواتین کو ہر فورم پر صحت مندسرگرمیاں میسر آسکیں۔آخر میں مہمان خصوصی نے فاتح خواتین کو میڈلز پہنائے اور اسناد تقسیم کیں۔