پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں کے کیس کی پیروی کی جا رہی ہے، آئین سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھاؤں گا،سر دار ایاز صادق ،

ہمیں دوسروں کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنے آپ کو درست کرنا ہوگا، دنیا میں پاکستان کی ساکھ بہتر کرنے کی ضرورت ہے،پارلیمانی ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

منگل 24 مارچ 2015 22:31

اسلا م آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں کے کیس کی پیروی کی جا رہی ہے، آئین سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھاؤں گا  ہمیں دوسروں کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنے آپ کو درست کرنا ہوگا، دنیا میں پاکستان کی ساکھ بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ منگل کو پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے ) کی نو منتخب باڈی کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، سپیکر کے مشیر کرامت حسین نیازی، نیشنل پریس کلب کے صدر شہریار خان، سیکرٹری جنرل طارق چوہدری سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

سپیکر ایاز صادق نے کہاکہ پارلیمانی رپورٹرز ایسو سی ایشن پارلیمنٹ کا حصہ ہے ، پی آر اے نے ہم مرحلے پر ہماری راہنمائی کی اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ بیرون ملک پاکستان کا امیج بہتر بنایا جائے ، انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان کے موقع پر قومی اسمبلی نے بیرون ملک پارلیمنٹس میں پاکستان نژاد اراکین پارلیمنٹ کی کانفرنس کی میزبانی کی ، وہ سب اراکین پارلیمنٹ پاکستان کیخلاف منگی پراپیگنڈا زائل کرنے کیلئے کوشاں ہے ، اس میں ہمیں بھی اپنا حصہ ڈالنا ہو گا خاص کر میڈیا کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہاکہ ہمیں دوسروں کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنے آپ کو درست کرنا ہوگا ، دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس میں میڈیا اپنا کردار ادا کرئے جبکہ ہم اپنی اچھائیوں کو کم جگہ دیتے ہیں جبکہ برائیوں کو زیادہ اچھالا جا تا ہے، ہم سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان کا بیرونی دنیا میں امیج بہتر کرنے کیلئے پاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ کی ایسو سی ایشن قائم کرنا چاہتے ہیں ، سپیکر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ صحافت وقت کا تقاضا اور ملک کی خدمت ہو گی ، انہوں نے کہاکہ بطور سپیکر انہوں نے کہ اراکین پارلیمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کیساتھ ساتھ کوشش کی کہ سیکرٹریٹ کے امور میں بھی بہتری لائی جائے ۔

انہوں نے پارلیمانی رپورٹرز ایسو سی ایشن کے نو منتخب عہددران کو مبارکباد دی اور کہاکہ صحافیوں کیلئے انکے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔