پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 40فیصد کمی کے باوجود آئل کمپنیوں نے موبل آئل کی قیمتو ں میں کوئی کمی نہ ہوسکی ،

ملک کے اندر ملکی اور غیر ملکی آئل کمپنیوں کے مختلف برینڈز کے موبل آئل کی قیمتیں 220روپے لٹر سے لے کر 630روپے لٹر تک ہیں، مارکیٹ میں کھلے ڈرموں میں بھی مختلف آئل کمپنیوں کے نام سے غیر معیاری موبل آئل کی فروخت جاری

منگل 24 مارچ 2015 22:06

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء )حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 40فیصد کمی کے باوجود آئل کمپنیوں نے موبل آئل کی قیمتو ں میں کسی قسم کی کمی نہیں کی اس کے برعکس موبل آئل کی قیمتو ں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ملک کے اندر ملکی اور غیر ملکی آئل کمپنیوں کے مختلف برینڈز کے موبل آئل کی قیمتیں 220روپے لٹر سے لے کر 630روپے لٹر تک ہیں۔

اسی طر ح مو بل آئل کا تین لٹر کاڈبہ 1250روپے سے لے کر 1850 روپے میں فروخت کیاجا رہا ہے ۔مارکیٹ میں کھلے ڈرموں میں بھی مختلف آئل کمپنیوں کے نام سے غیر معیاری موبل آئل بھی فروخت کیا جا رہاہے جس کی قیمت 150سے180روپے لٹر ہے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں نے نکلنے والا گندہ آئل دوبارہ ری سائیکل کر کے بھی فروخت کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مختلف کمپنیاں مو بل آئل اسی قیمت پر فروخت کر رہی ہیں جب پٹرول کی قیمت 110روپے لٹر تھی ملک میں پٹرول 70.8-روپے فی لٹر فروخت ہو رہاہے لیکن موبل آئل کی قیمتوں میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں کی ۔

دکانداروں کا کہناہے کہ جب تک کمپنیوں والے موبل آئل کی قیمتیں کم نہیں کریں گے ہم قیمتیں کم نہیں کر سکتے جبکہ آئل کمپنیوں نے موبل آئل کی قیمتوں میں کمی سے صاف انکار کر دیا ہے جبکہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنو عات کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے ملک میں پٹرول،ڈیزل،مٹی کا تیل،ہائی اکٹین تیل اور فرنس آئل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

شہری و سما جی حلقوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی گیس شاہدخاقان عباسی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پرملکی اور غیر ملکی موبل آئل فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قیمتیں کم نہ کرنے کا سختی سے نوٹس لیں اورملک میں فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے تناسب سے موبل آئل کی قیمتوں میں بھی کمی کرائی جائے۔