تھرپارکر میں نایاب جانوروں کے شکاریوں کو سزا اور جرمانہ محکمہ وائلڈ لائف کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے،گیان چند اسرانی

منگل 24 مارچ 2015 21:15

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) صوبائی وزیر وائلڈ لائف گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں نایاب جانوروں کے شکاریوں کو سزا اور جرمانہ محکمہ وائلڈ لائف کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نایاب نسل کے ہرن روجھ کے شکار کرنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے شکاریوں کو گرفتار کرکے ضلعی عدلیہ کے سامنے پیش کیا جس میں وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مقامی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان شکاریوں کو چھ مہینے کی سزا اور جرمانہ عائد کیا ۔ یہ سزا تھرپارکر کی تاریخ میں پہلی سزا ہے اور آئندہ بھی کسی شکاری نے نایاب نسل کے جانوروں کا شکار کرنے کی جسارت کی تو محکمہ وائلڈ لائف قانونی تقاضے پورا کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے گا ۔ صوبائی وزیر نے محکمہ وائلڈ لائف کے عملہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آئندہ جو بھی افسر اور اہلکار سرگرمی سے اپنے فرائض سرانجام دے گا اسے محکمہ کی جانب سے ستائشی سرٹیفکٹ دیئے جائیں گے جو اس افسر اور اہلکار کی ترقی پر براہ راست اثر انداز ہوں گے۔