عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوہاٹ کی خالی نشستوں پر انتخابی عمل مکمل ہو گیا

منگل 24 مارچ 2015 18:48

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء)عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوہاٹ کی خالی نشستوں پر انتخابی عمل مکمل ہو گیا ، جس کے نتیجے میں مسعود خلیل ایڈوکیٹ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ، اے این پی کوہاٹ کی خالی ہونے والی نشستوں کیلئے انتخابات باچا خان مرکز پشاورمیں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان کی زیر نگرانی پرامن ماحول اور جمہوری انداز میں مکمل ہوئے ، انتخابی عمل کے نتیجے میں مسعود خلیل ایڈوکیٹ جنرل سیکرٹری ،امتیاز خان بنگش سینئر نائب صدر ، سید محمد خان جائنٹ سیکرٹری اول ،رشید احمد سادات جائنٹ سیکرٹری دوم،اجمل خان نائب صدر اول جبکہ محمد طاہر خان بنگش کو نائب صدر سوم منتخب کر لیا گیا ۔

اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے نو منتخب ممبران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ یو سی کی سطح سے لے کرمرکز تک الیکشن میرٹ کی بنیاد پر کرائے ہیں ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب ممبران پارٹی کی مزید فعالیت اور ترقی کیلئے کام کریں گے اور باچا خان بابا اور خان وبدالولی خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ، ایمل ولی خان نے کہا کہ کارکن اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق بر قرار رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باچا خان اور ولی خان نے قوم میں بیداری ،تعلیم اور شعور کی بیداری اور جمہوریت کے استحکام کے لئے عملی جد وجہد کی ہے۔ان کی زندگی اور جد وجہدکو تاریخ میں سنہری خروف سے لکھا جائے گا ۔اگر باچا خان اور ولی خان کی کہی ہوئی باتیں مان لی جاتیں تو آج پختونوں کا اتنا خون نہ بہتا۔انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا مذہبی اور سیاسی جماعتیں اے این پی کی پالیسیوں کی تقلید کر نے لگی ہیں جو کہ اے این پی کی جیت ہے، انہوں نے نو منتخب ممبران پر بھی زور دیا کہ وہ پارٹی کو کوہاٹ میں مزید فعال کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔