پشاور، محکمہ خوراک کے ورکنگ گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس

ذخیرہ اندوزوں ‘ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے، قلندر لودھی

منگل 24 مارچ 2015 18:46

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) خیبر پختونخواکے وزیربرائے خوراک قلندر لودھی نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے خور د و نوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی اور اس کی کوالٹی پرمحکمہ کے افسران و اہلکار کسی بھی مصلحت کو آڑے نہ آنے دیں اور ذخیرہ اندوزوں ‘ ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنے دفتر پشاور میں محکمہ خوراک کے ورکنگ گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری خوراک سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں محکمہ خوراک سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض ہوا اور صوبے میں گندم کے ذخائر کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ آئندہ سال کے لئے پنجاب سے گندم کی خریداری کے لئے حکمت عملی بھی وضع کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ محکمہ خوراک کے افسران اور اہلکار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور جو عناصر ذخیرہ اندوزی‘ ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ جیسے مکروہ دھندے میں ملوث پائے جائیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

صوبائی وزیر نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مزید اقدامات اٹھائیں تاکہ محکمہ پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور انہیں معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :